امریکی مردوں کی زندگی خواتین سے 6 سال کم ہوگئی، تحقیق میں انکشاف

امریکی مردوں کی زندگی خواتین سے 6 سال کم ہوگئی، تحقیق میں انکشاف


ایک تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کووڈ کے بعد سے امریکی مردوں کی زندگی  خواتین کے مقابلے میں 6 سال تک کم ہو گئی ہے۔

طبی ماہرین کی ایک نئی تحقیق میں پتا چلا ہے کہ کووڈ 19 کے بعد سے امریکا میں مردوں اور خواتین کے درمیان متوقع زندگی  میں فرق گزشتہ 30 سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ بڑھا ہے۔

جریدے JAMA انٹرنل میڈیسن  میں شائع تحقیقی نتائج کے مطابق 1996 کے بعد سے  مردوں اور خواتین کے درمیان متوقع عمر کا فرق سب سے زیادہ بڑھ گیا ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں کووڈ 19  اور منشیات کی زیادتی سب سے زیادہ اہم بتائی گئی ہے۔

قبل ازیں 2021ء میں حکومتی اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ اس وقت کیے گئے مطالعے کے مطابق خواتین کی متوقع عمر 79.3 برس جب کہ مردوں کی 73.5 برس تھی۔ ماہرین نے اپنے تحقیقی نتائج میں بتایا تھا کہ امریکیوں کی متوقع زندگی  2019ء سے مسلسل کم ہو رہی ہے، جو کہ  2020ء میں 78.8 سال سے77.0 اور 2021ء میں مزید کم ہوکر 76.1 سال ہو گئی ہے۔

اس مطالعے کے مصنف ڈاکٹر برینڈن یان (یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، سان فرانسسکو) نے نیو یارک ٹائمز کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں  تحقیق کے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  متوقع عمر میں مسلسل کمی کا رجحان پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس چیز پر گہری نظر رکھنی ہوگی کہ کس ایج گروپ کے لوگوں کی متوقع عمر کم ہو رہی ہے، تاکہ اس فرق کو کم کیا جا سکے۔

ڈاکٹر یان نے مردوں اور خواتین کی متوقع عمر میں بڑھے فرق کی وجوہات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس پورے معاملے میں خاص طور پر مردوں کی بگڑتی ہوئی دماغی صحت  کو  مرکوز کرنا ہوگا۔

تحقیق کرنے والے ماہرین نے خواتین اور مردوں کی متوقع عمر میں بڑھتے فرق کی وجوہات میں ذیابیطس، امراض قلب، مایوسی، خودکشی اور شراب نوشی کو بھی اہم وجوہات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں