یوٹیوب پر اشتہارات کو بلاک کرکے ویڈیوز دیکھنا ناممکن

یوٹیوب پر اشتہارات کو بلاک کرکے ویڈیوز دیکھنا ناممکن


مفت میں ویڈیوز تک رسائی دینے والی دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے اپنی کمائی کو یقینی بنانے کے لیے پلیٹ فارم پر اشتہارات کو بلاک کرنے کے آپشن کو ختم کردیا۔

اس وقت تک کروڑوں صارفین یوٹیوب پر اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھنے لیے ایڈ بلاک کے سافٹ ویئرز استعمال کرتے آ رہے تھے لیکن اب وہ ایسا نہیں کر سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق یوٹیوب نے پلیٹ فارم پر ایڈ بلاک کو بلاک کردیا، اب کوئی بھی صارف جو اشتہارات کو بلاک کرنے کا سافٹ ویئر استعمال کرے گا، وہ یوٹیوب پر تین سے زیادہ ویڈیوز نہیں دیکھ پائے گا۔

رپورٹ کے مطابق جیسے ہی کوئی صارف یوٹیوب پر اشتہارات کو چھپانے یا ان کے بغیر ویڈیوز دیکھنے کا سافٹ ویئر انسٹال کرے گا، اس صارف کو یوٹیوب کی جانب سے پیغام موصول ہوگا کہ وہ ایڈ بلاک کو ہٹا دیں۔

صارف کو یوٹیوب کی جانب سے آگاہی دی جائے گی کہ وہ یا تو ایڈ بلاک کو ہٹادیں یا پھر اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ویڈیوز دیکھنے سے محروم رہیں۔

اشتہارات کو بلاک کرنے کے خواہش مند صارفین کو یوٹیوب کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس کی پریمیم سروس کی سبسکرپشن حاصل کریں۔

یوٹیوب پریمیم کی سبسکرپشن حاصل کرنے والے افراد اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھ پاتے ہیں اور یہ سروس پاکستان سمیت تقریبا تمام ممالک میں دستیاب ہے۔

پاکستان میں یوٹیوب پریمیم کی ماہانہ فیس 480 روپے سے شروع ہے، تاہم فیملی پیکیج کے ساتھ مذکورہ سروس ماہانہ 900 روپے تک بھی حاصل کی جا سکتی ہے لیکن عین ممکن ہے جلد ہی مذکورہ فیس میں اضافہ کردیا جائے۔

امریکا اور یورپی ممالک میں یوٹیوب پریمیم کی ماہانہ فیس 14 امریکی ڈالر تک بڑھائی جا چکی ہے، یعنی وہاں کے صارفین مذکورہ سروس کے لیے تقریبا 4 ہزار روپے ماہانہ ادا کرتے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اپنا تبصرہ لکھیں