بھارتی ہدایت کار ایٹلی کمار نے فلم جوان میں دیپیکا پڈوکون کی شمولیت کی پوری کہانی بیان کردی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں ایٹلی کمار نے بتایا کہ فلم کے اہم ترین کردار کےلیے دیپیکا پڈوکون کو ذاتی طور پر شاہ رخ خان نے راضی کیا۔
شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے درمیان زبردست کیمسٹری ہے، اداکارہ نے 2006ء میں کنگ خان کے ساتھ ہی فلم ’اوم شانتی اوم‘ کے ساتھ فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔
رواں برس ستمبر میں ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ میں شاہ رخ خان نے نین تارا کے ساتھ ساتھ دیپیکا پڈوکون کے ساتھ بھی رومانوی مناظر عکس بند کروائے۔
کئی لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان نے دیپیکا پڈوکون کو فلم میں کام کرنے پر راضی کیا، اسی کہانی کو پوری تفصیل کے ساتھ ہدایت کار ایٹلی کمار نے بتادیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی سے کہا کہ کیا فلم کے ایشوریا کے کردار کےلیے دیپیکا پڈوکون سے بات ہوسکتی ہے؟
اس پر پوجا نے جواب دیا شاہ رخ سے بات کرکے دیکھتے ہیں، جب بات کنگ خان تک گئی تو انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے دیپیکا سے پہلے ہی بات کرلی ہے وہ کردار کرنے کےلیے تیار ہے، وہ جیسے ہی اپنے کام سے فری ہوگی اور اس کردار کو ادا کرنے کے قابل ہوگی تو ضرور کرے گی۔
ایٹلی کمار نے مزید کہا کہ دیپیکا جو حیدر آباد میں ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں ،انہیں جب کردار سے متعلق بتانے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے سننے سے انکار کردیا اور اس عمل کو غیر ضروری قرار دیا۔
ہدایت کار نے اُن پر واضح کیا کہ یہ اہم ترین کردار ہے، جسے بیان کرنا ضروری ہے، اس کے باوجود دیپیکا نے کہا کہ وہ سنے بغیر بھی یہ کردار کرلیں گی۔
ایٹلی کمار نے یہ بھی کہا کہ اس سب کے باوجود جب ہم نے دیپیکا کو کردار سنایا تو انہوں نے انتہائی مضبوط کردار قرار دیا وہ انتہائی مثبت انداز میں فلم کا حصہ بن گئیں۔
فلم جوان کے ہدایت کار نے کہا کہ مجھے دیپیکا پڈوکون کے ساتھ کام کرکے واقعی ہی مزہ آیا ،اُن کے ساتھ گزارا وقت متاثر کن تھا۔
دیپیکا پڈوکون شاہ رخ خان کے ساتھ اوم شانتی اوم، چنئی ایکسپریس، ہپی نیو ایئر اور پٹھان جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔