منظر صہبائی کے پروپوزل کو فوراََ قبول نہیں کیا تھا؛ ثمینہ احمد

منظر صہبائی کے پروپوزل کو فوراََ قبول نہیں کیا تھا؛ ثمینہ احمد


پاکستان شوبز کی سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے منظر صہبائی کے ساتھ شادی کے پروپوزل کو فوراََ قبول نہیں کیا تھا۔

کورونا وائرس کے دنوں میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے پاکستان کے معروف جوڑے، ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام “گپ شپ” میں شرکت کی جس میں اس جوڑے نے اپنی محبت اور شادی سے متعلق گفتگو کی۔

دورانِ پروگرام ثمینہ احمد سے سوال کیا گیا کہ “جب منظر صہبائی نے اُنہیں شادی کے لیے پروپوز کیا تھا تو کیا اُنہوں نے فوراََ ہاں کردی تھی؟” اس سوال کے جواب میں ثمینہ احمد نے کہا کہ “میں نے فوراََ ہاں نہیں کی تھی بلکہ سوچنے کے لیے وقت مانگا تھا”۔

اداکارہ نے کہا کہ “جب ہم نے شادی کی تو ہمیں لوگوں سے بےحد محبت ملی، ہم سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں لیکن اس کے باوجود بھی صارفین نے، مداحوں نے اور دیگر لوگوں نے ہمیں بہت سراہا”۔

اُنہوں نے کہا کہ “ہم نے نکاح کیا، کوئی غلط کام نہیں کیا اور لوگوں کی طرف سے ملنے والی محبت پر بےحد شُکرگزار ہیں”۔

دوسری جانب منظر صہبائی نے کہا کہ “میں ہمیشہ یہ بات کہتا ہوں کہ میں جو کام بھی کرتا ہوں صرف اپنے لیے کرتا ہوں، دوسروں کے لیے نہیں کرتا، بالکل اسی طرح ہم نے شادی بھی ہمارے لیے کی ہے دوسروں کے لیے نہیں کی”۔

یاد رہے کہ اداکارہ ثمینہ احمد کی پہلی شادی پاکستانی فلم ساز فریدالدین احمد سے ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے ہیں تاہم شادی کے کچھ عرصہ بعد دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی تھی جبکہ منظر صہبائی کی بھی ثمینہ احمد سے دوسری شادی ہے اور ان کا پہلی بیوی سے ایک بیٹا بھی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں