اسلام آباد: بجلی چوروں، نادہندگان کے خلاف کارروائی، 47 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات وصول

اسلام آباد: بجلی چوروں، نادہندگان کے خلاف کارروائی، 47 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات وصول


اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے یکم ستمبر سے جاری مہم کے دوران 28 ہزار 866 صارفین سے 47 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کی ہے۔

ایک بیان میں بتایا گیا کہ آئیسکو نے اسلام آباد، راولپنڈی سٹی، راولپنڈی کینٹ، اٹک، چکوال اور جہلم ریجن سمیت تمام علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کیں۔

چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا کہ نادہندگان سے بجلی کے واجبات کی وصولی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے، کسی کو بل ادا کیے بغیر بجلی استعمال کرنے کا حق نہیں۔

یہ بات انہوں نے انسداد بجلی چوری اور وصولی کے حوالے سے جاری مہم کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئیسکو ریجن کو بجلی چوری کی لعنت سے پاک کرنے کی مہم کے دوران بہترین نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق آئیسکو کی ریکوری ٹیموں نے 20 ہزار 167 ڈیفالٹرز سے 22 کروڑ 7 لاکھ روپے اور 8 ہزار 699 ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 25 کروڑ 39 لاکھ روپے وصول کیے ہیں۔

مجموعی طور پر مہم کے دوران آئیسکو نے 28 ہزار 866 صارفین سے 47 کروڑ 46 لاکھ روپے کی وصولی کی ہے۔

دوسری جانب آئیسکو کی سراغ رساں ٹیموں نے 32 لاکھ 40 ہزار یونٹس کی بجلی چوری کا سراغ لگایا اور 2 ہزار 358 بجلی چوروں پر 15 کروڑ 3 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے، پولیس نے 453 ایف آئی آر درج کیں اور 366 چوروں کو گرفتار کیا۔

ڈاکٹر محمد امجد خان نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ ہیلپ لائن نمبر 118 پر بجلی چوری کی اطلاع دے کر مہم کا حصہ بنیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں