الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے سربراہ اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بنو قابل فارماسسٹ پروگرام کے تحت شہر میں 200 فارمیسیاں اور آئی ٹی یونیورسٹی بنا رہے ہیں۔
کراچی میں ’بنو قابل فارماسسٹ‘ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جامعات سے فارمیسی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد بھی فارماسسٹ چھوٹی چھوٹی نوکریوں کے حصول کے لیے بھاگ رہے ہوتے ہیں، انہیں دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ فارماسسٹ بن کر بھی اکثر بے روزگار رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لڑکیاں بڑی تعداد میں فارمیسی کے شعبے سے منسلک ہو رہی ہیں، ان کی استعداد کار بڑھا کر اور تکنیکی تربیت فراہم کرکے انہیں معاشرے میں کارآمد فارماسسٹ بنایا جا سکتا ہے تاکہ وہ معمولی بیماریوں کے لیے ادویات تجویز کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ ہے لیکن ریاست تسلیم نہیں کرتی، جب حکمران بات کرتے ہیں تو ساڑھے تین کروڑ کہتے ہیں اور گنتے وقت کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ تسلیم نہیں کرتے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ میٹرک کے بعد نوجوانوں کی بڑی تعداد انٹر کی تعلیم حاصل نہیں کر پاتی، گریجویشن اور ماسٹرز تک یہ تعداد مزید کم ہوجاتی ہے، جو نہیں پڑھ پا رہے انہیں ریاستی سطح پر ہنر سکھانے کا کوئی فریم ورک موجود نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بے روزگار نوجوانوں کو ہنر سکھانے کا بیڑا جماعت اسلامی اور الخدمت نے اٹھایا ہے، ہم نے بنوقابل پروگرام اس لیے شروع کیا کہ ہنر سکھائی جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ بنوقابل میں پہلی بار 70 ہزار سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی تھی، ہم پر تنقید کی گئی کہ ہم الخدمت کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں، میں کہتا ہوں الزام لگانے والے بھی یہ کام شروع کر دیں، سب کو لوٹ مار کی سیاست چھوڑ کر ہماری طرح خدمت کی سیاست کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بنوقابل میں ایک لاکھ 17 ہزار نوجوان رجسٹر ہوئے، اب ہم ڈپلومہ اور گریجویشن پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں، ہم کراچی میں جلد آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ الخدمت کی فارمیسیز کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے، الخدمت کی فارمیسیز 15 فیصد رعایت پر ادویات دیتی ہیں بنو قابل فارماسسٹ پروگرام شروع کیا ہے، بنوقابل میں صرف فارماسسٹ ہی نہیں اسپورٹس کو بھی شامل کرلیا ہے۔
تقریب سے الخدمت کے سی ای او نوید بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت 7 علاقوں میں کام کر رہی ہے، پورے پاکستان میں الخدمت کے 9 ریجن کام کر رہے ہیں، گزشتہ سال سیلاب میں سب سے زیادہ نمایاں کام الخدمت نے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ الخدمت ملک بھر میں ہر علاقے میں موجود ہے، اس لیے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں الخدمت فوری امدادی کام شروع کرتی ہے، ہماری دنیا بھر کی دوسری تنظیموں کے ساتھ تعلقات ہیں، فلسطین میں اس وقت بھی الخدمت موجود ہے کیوں کہ الخدمت وہاں پہلے سے کام کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اعتماد اتنا زیادہ ہے کہ جیسے ہی اسرائیل نے غزہ پر حملہ کیا تو ہمارے اعلان سے قبل ہی لوگوں نے فلسطین کے لیے فنڈز بھیجنا شروع کر دیے۔
الخدمت کے ڈائریکٹر فارمیسیز سید جمشید احمد نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی شہر میں 11 فارمیسیز کام کر رہی ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسی فارمیسیز شروع ہوں جہاں کوالٹی کنٹرول اور ٹمپریچر کنٹرول کا اچھا انتظام ہو، کسی فارمیسی میں داخل ہوں تو لگے کہ یہ عالمی معیار کی فارمیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال الخدمت کی فارمیسیز سے 55 کروڑ کی دوائیں رعائتی نرخ پر فروخت ہوئیں، الخدمت کے تحت شہر بھر میں فارمیسیز فلاحی فارمیسیز کے تصور کے تحت کام کر رہی ہیں، پروفیشنل فارماسسٹ الخدمت کے ساتھ فی سبیل اللہ کام کر رہے ہیں اور فارمیسیز کا نیٹ ورک ملک بھر میں پھیلا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الخدمت کے تمام ہسپتالوں کو ان فارمیسیز سے منسلک کر رہے ہیں، ملک بھر میں الخدمت کے 45 اسپتال 2 ارب کی دوائیں خریدتے ہیں۔
پاکستان فارماسیوٹیکل اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے سابق صدر توقیرالحق نے کہا کہ ڈالر کے ریٹ بڑھنے سے خام مال کی قیمتیں بڑھ گئیں کیونکہ 95 فیصد خام مال درآمد کیا جاتا ہے، مہنگائی اور ڈالر کی قدر گھٹنے سے جان بچانے والی ادویات بنانے کی لاگت بڑھ گئی۔
فارم ایوو کے مینجنگ ڈائریکٹر ہارون قاسم کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ادویات میسر ہوں لیکن دواؤں کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے، ہم ایسوسی ایشن کے تحت کوشش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
این آئی سی وی ڈی کے چیف فارماسسٹ جبران بن یوسف نے کہا کہ ادویات دینے میں غلطیوں سے دنیا بھر میں اموات ہوتی ہیں، اگر ہر فارمیسی پر کوالیفائیڈ فارماسسٹ موجود ہوں گے تو میڈیکیشن کی غلطیاں کم ہوں گی۔