نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ 20 سے 22 اکتوبر تک منعقد ہونے والے مائیگرینٹ ملٹی کلچرل فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے کوریا روانہ ہو گئے۔
مائیگرنیٹ ملٹی کلچرل فیسٹیول جنوبی کوریا میں ثقافتی تنوع کا سب سے بڑا میلہ ہے جس کی 18 ویں سالگرہ چانگ وون یونگی کلچرل پارک اور سیوگسان آرٹ ہال میں منائی جا رہی ہے۔
پاکستان سمیت ایشیا بھر سے مختلف ثقافتوں، ورثے اور اقدار کے حامل ممالک مائیگرینٹ ملٹی کلچرل فیسٹیول 2023ء میں شرکت کرنے جنوبی کوریا پہنچ رہے ہیں۔
اس فیسٹیول میں پاکستان ’پاکستان زندہ باد‘ کی تھیم کے ساتھ قیادت کرنے جا رہا ہے جس میں روایتی لباس، لوازمات، مہندی، روایتی موسیقی جیسے ڈھول، ترانہ، زندہ باد اور روایتی رقص جیسے بھنگڑا، دھمال، لڈی وغیرہ کے ذریعے اپنی ثقافتی خوبصورتی اور اقدار کو پیش کیا جائے گا۔
یہ میلہ جمہوریہ کوریا میں تارکینِ وطن کے لیے سب سے بڑے عالمی تہوار میں تبدیل ہو گیا ہے جس کی اہم اقدار میں ہم آہنگی، مواصلات اور بقائے باہمی شامل ہیں۔