مومن ثاقب کے صبر کا پیمانہ لبریز، بھارتی ویزے کیلئے درخواست جمع کرا دی

مومن ثاقب کے صبر کا پیمانہ لبریز، بھارتی ویزے کیلئے درخواست جمع کرا دی


پاکستانی یوٹیوبر و اداکار مومن ثاقب نے پاک بھارت ورلڈ کپ دیکھنے سے متعلق اپنے بچپن کے خواب میں حقیقت کے رنگ بھرنے کی خاطر بھارتی ویزے کے لیے درخواست جمع کرا دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ہے کہ نہ ختم ہونے والے انتظار کے بعد میں نے بلآخر بھارتی ویزے کی درخواست دے دی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں یوٹیوبر کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ جب ایک بچہ چھوٹا ہوتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ بڑا ہو کر ڈاکٹر بنوں گا، انجینئر بنوں گا لیکن میں کہتا تھا کہ میں ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا کوئی بھی میچ مس نہیں کروں گا اور کبھی کیا بھی نہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس بار انتظار ہی رہا کہ ویزا پالیسی آئے گی، لیکن نہیں آئی اور میرا صبر ختم ہو گیا تو آج میں نے نارمل ویزا پالیسی کی بنیاد پر اپنی درخواست جمع کرا دی ہے، اب میرا کیس بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کے پاس ہے۔

مومن ثاقب نے اپنی ویڈیو میں مزید کہا ہے کہ کرکٹ لوگوں کو قریب لانے کا ذریعہ ہے، یہ امن قائم کرنے کا ذریعہ ہے، اگر ویزا لگ گیا تو جیسا شاداب نے کہا ہے کہ حیدر آباد کی بریانی اچھی لگی، ہم ملتان کا حلوہ لے آئیں گے اور ساتھ بیٹھ کر کھائیں گے۔

ویڈیو کے اختتام میں انہوں نے دعاؤں کی درخواست کی، اس کے ساتھ ہی کیپشن میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد ہی بھارتی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہوں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ پاکستانی یوٹیوبرز نے ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ویزوں کی درخواست جمع کرائی تھی جو مسترد ہو گئی تھی۔

بعد ازاں مومن ثاقب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وضاحت پیش کرتے ہوئے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا کرکٹ کا جنون رکھنے والے یوٹیوبر کو احمد آباد میں 14 اکتوبر کو ہونے والے پاک بھارت ہائی ولٹیج ٹاکرا دیکھنے کا موقع ملے گا یا نہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں