عام تاثر پایا جاتا ہے کہ پھیکی کافی یا چائے وہ افراد پیتے ہیں جنہیں ذیابیطس لاحق ہوتا ہے اور حقیقت میں ایسا ہے بھی لیکن اب ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پھیکے مشروب پینے سے موٹاپا کم ہوسکتا ہے۔
چینی یا میٹھی غذاؤں کو جہاں ذیابیطس کا سبب سمجھا جاتا ہے، وہیں یہ وزن میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہیں۔
اور امریکی ماہرین نے چینی کے استعمال اور پھیکی کافی کے موٹاپے پر اثرات جاننے کے لیے ایک طویل تحقیق کی، جس دوران انہوں نے ڈیڑھ لاکھ افراد کی خدمات حاصل کیں۔
طبی جریدے ’سائنس ڈائریکٹ‘ کے مطابق امریکی ماہرین کی جانب سے تین الگ الگ تحقیقات کے دوران تقریبا ڈیڑھ لاکھ افراد کی جانب سے پھیکی کافی اور چائے پینے اور ان کے وزن پر تحقیق کی۔
تحقیق میں شامل زیادہ تر افراد درمیانی عمر کے تھے، تاہم اس میں بہت بڑی تعداد نوجوان افراد کی بھی تھی اور تمام رضاکار کافی پینے کے شوقین تھے۔
ماہرین نے تین مختلف تحقیقات کے دوران تمام رضاکاروں کو دو گروپس میں تقسیم کیا، جس میں سے ایک گروپ کو پھیکی کافی جب کہ دوسرے افراد کو کافی کے کپ میں ایک چمچ چینی استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
ماہرین نے تحقیق سے قبل تمام افراد کے وزن کو بھی چیک کیا اور تحقیق کے اختتام پر دوبارہ ان کا وزن چیک کیے جانے کے بعد ان سے کچھ سوالات کیے گئے، جن کے جوابات سے تحقیقات کے نتائج اخذ کیے گئے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ پھیکی کافی یا دیگر پھیکے مشروبات پینے والے افراد کا وزن کم ہوا، یہاں تک خراب موٹاپے کے شکار افراد کا وزن بھی کم ہونے لگا۔
ماہرین نے نوٹ کیا کہ پھیکی کافی یا چائے زیادہ تر نوجوان اور درمیانی عمر کے افراد کے لیے فائدہ مند ہے، ان کا وزن زیادہ کم ہونے لگا تھا۔
اسی طرح نتائج سے معلوم ہوا کہ کافی میں صرف ایک چمچ چینی ملانے سے بھی لوگوں کا وزن بڑھنے لگا۔
اسی طرح تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ کافی پیتے وقت اس میں چینی نہ ملائے جانے اور اس میں کافی کی مقدار بڑھانے سے بھی وزن کم ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل کی جانے والی متعدد تحقیقات میں کافی پینے کے متعدد فوائد بتائے جا چکے ہیں، ماہرین کے مطابق یومیہ دو سے تین کپ کافی پینے سے موٹاپے، امراض قلب اور ذیابیطس کے خطرے کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔