حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ ماہرہ خان نے شادی کے موقع پر اپنی نانی اور دادی کو انتہائی خوبصورت انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ماہرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی مایوں کی تقریب سے کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے تصاویر کے کیپشن میں اپنی والدہ کے لیے ایک محبت بھرا پیغام لکھا ہے کہ میری ماں کی ایک خواہش تھی کہ میں شادی کا آغاز دعا سے کروں۔
ماہرہ خان نے لکھا ہے کہ میری خوبصورت اماں جو وہیل چیئر پر ہیں اور اس لیے سب کو لگتا ہے کہ وہ زیادہ کچھ نہیں کر سکتیں لیکن وہ سب کچھ کر سکتی ہیں، اُنہوں نے بیٹھ کر نیچے ساری سجاوٹ اور فرنیچر کی سیٹنگ کروائی اور وہ عین وقت پر تقریب کے لیے تیار بھی تھیں۔
اُنہوں نے زندگی میں بہنوں جیسی سہیلیوں کی موجودگی پر اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا ہے کہ اسی دن دعا کے بعد میرے بچپن کی سہیلیوں نے میری مایوں کی تقریب کا اہتمام بھی کیا۔
ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں بتایا ہے کہ میں نے موتیے کی ایک کلی لی اور اپنی نانی اور دادی کی یاد میں نیچے جانے سے پہلے اپنی بالی میں ڈال لی۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے رواں ماہ کے آغاز میں بزنس مین سلیم کریم سے دوسری شادی کی ہے۔
اس سے قبل 2007ء میں اداکارہ ماہرہ خان کی پہلی شادی علی عسکری سے ہوئی تھی جو 2015ء میں طلاق پر ختم ہوئی، پہلی شادی سے ان کا ایک 13 سالہ بیٹا بھی ہے۔