آرٹس کونسل میں ترکیہ کے پہلے سفیر یحیٰی کمال بیاتھ کے پوٹریٹ کی نمائش

آرٹس کونسل میں ترکیہ کے پہلے سفیر یحیٰی کمال بیاتھ کے پوٹریٹ کی نمائش


آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام پاکستان میں ترکیہ کے پہلے سفیر YAHYA KEMAL BEYATH کے پوٹریٹ کی نمائش کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیا گیا۔

نمائش کا افتتاح وزیر قانون عمر سومرو، قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو اور کراچی آرٹس کونسل کے صدر  محمد احمد شاہ نے کیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل تھائی لینڈ، قونصل جنرل جاپان، قونصل جنرل اومان اور قونصل جنرل انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ترکیہ کے ساتھ قدیم تعلقات ہیں، ہم ترکیہ اور پاکستان کا 75 سالہ دوستی کا جشن منا رہے ہیں، آج کی نمائش یحییٰ کمال کی ہے، جو  پہلے سفیر تھے۔

نگران وزیر قانون، مذہبی امور و انسانی حقوق عمر سومرو نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج کی تصویری نمائش پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی مظہر ہے، بطور تاریخ کے طالب علم میری معلومات میں گراں قدر اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان کے عوام کا ترکیہ سے ناصرف مذہب بلکہ احترام اور محبت کا رشتہ ہے، میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے آج اس تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔

قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو نے کہا کہ تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، آج کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہم اپنے پہلے سفیر کے پوٹریٹ کی نمائش کر رہے ہیں، وہ ترکی کے معروف شاعر اور ادیب بھی تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات صرف 75سال نہیں بلکہ صدیوں پرانے ہیں، ہمارے آباﺅ اجداد کے پاکستان سے گہرے مراسم تھے، ہم دو ملک ضرور ہیں مگر ہمارے نظرئیے کی بنیاد ایک ہے، ہم رہن ، سہن اور ثقافت میں ایک جیسے ہیں، آرٹس کونسل کراچی کا بہت شکریہ کہ انہوں نے اس نمائش کے انعقاد میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔

پوٹریٹ نمائش میں ترکی کے پاکستان میں تعینات پہلے سفیر یحییٰ کمال بیاتھ کے پاکستان میں گزرے تاریخی لمحات کی عکس بندی کی گئی ہے، جس میں ان کی قائداعظم محمد علی جناح سمیت پاکستان کی دیگر سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ اہم ملاقاتیں شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں