نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اگست کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں واپڈا کی سابق ڈسکوز کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ ایک روپے 71 پیسے مزید مہنگی کردی۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریگیولیشن آف جنریشن، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹریبیوشن آف الیکٹرک پاور ایکٹ 1997 کے ترمیمی ایکٹ 2011 کی شق 31 (7) کے تحت نیپرا نے ڈسکوز کے منظور شدہ ٹیرف میں فیول چارجز میں ردوبدل پر ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ چارجز میں ردوبدل کے نتیجے میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور لائف لائن صارفین کے علاوہ تمام کیٹیگریز کے صارفین کو فی یونٹ ایک روپے 71 پیسے اضافی ادا کرنے ہوں گے۔
بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے-الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگست کے بل کی مذکورہ ایڈجسٹمنٹ صارفین کو اکتوبر 2023 کے بل میں الگ سے ظاہر کردی جائے گی۔
ڈسکوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس حوالے سے اگر کسی عدالت کا فیصلہ موجود ہے تو صارفین پر اضافی چارجز لاگو کرتے ہوئے اس کا خیال رکھا جائے اور مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے اور عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ کمپنی کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا ذمہ دارہ ٹھہرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے کے-الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین پر 6 ماہ کے لیے اضافی بوجھ ڈالتے ہوئے بجلی فی یونٹ 3 روپے 28 پیسے مہنگی کردی تھی۔
نیپرا نے کہا تھا کہ سابقہ ڈسکوز اور کے-الیکٹرک کی مختلف کیٹیگریز کے صارفین سے فی یونٹ 3 روپے 28 پیسے وصول کیے جائیں گے اور اس کا دورانیہ اکتوبر 2023 سے مارچ 2024 تک 6 ماہ ہوگا۔
اس سے قبل نیپرا نے 27 ستمبر کو کے-الیکٹرک کے صارفین کے لیے اکتوبر اور نومبر دو ماہ کے لیے بجلی فی یونٹ 4 روپے 46 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی، جس کے نتیجے میں عملی طور پر کے-الیکٹرک صارفین اکتوبر اور نومبر میں اپنے سلیب اور کیٹیگری کے لحاظ سے 4.76 روپے اور 7.73 روپے فی یونٹ کے درمیان اضافی لاگت ادا کریں گے اور پھر دسمبر سے مارچ تک اوسطاً 3.28 روپے ادا کریں گے۔
20 ستمبر کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بجلی کے سالانہ بنیادی ٹیرف میں تقریباً 26 فیصد اضافے اور تقریباً 18 فیصد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری کا عمل جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ڈسکوز نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید ایک روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دے دی ہے، جس کے تحت صارفین سے اگلے مہینے 30 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔