بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد، فلم ساز مہیش بھٹ زندگی میں مالی مشکلات آنے پر شراب پینے کے عادی ہو گئے تھے۔
عالیہ بھٹ نے حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ لوگ جب بھی میرے والد کے بارے میں سوچتے ہیں تو اکثر اُنہیں ایک کامیاب فلم ساز کے طور پر سوچتے ہیں لیکن اُنہوں نے زندگی کی مشکلات کا بھی سامنا کیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب والد کی کئی فلمیں فلاپ ہو گئی تھیں، ان کے پاس بہت کم پیسے تھے اور وہ اپنی شراب کی عادت سے بھی چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
عالیہ بھٹ نے بتایا کہ پھر بہت کوشش کے بعد آخرکار والد نے شراب پینا چھوڑ دی لیکن زندگی اور کام میں اتار چڑھاؤ باقی تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے والدین نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت جدوجہد کی جہاں اب میں اپنے والدین کی وجہ سے ملنے والے بہت سے اچھے مواقع سے لطف اندوز ہو سکتی ہوں اور میں اس بات کو تسلیم کرتی ہوں۔
عالیہ بھٹ نے بتایا کہ اگر کل میں اچھی کارکردگی نہیں دکھاتی اور مجھے فلمیں ملنا بند ہو جاتی ہیں تب بھی میں ہمیشہ اس حقیقت کو تسلیم کروں گی کہ مجھے اس سے قبل زندگی میں اتنے بڑے مواقع ملے اس لیے میں کبھی شکایت نہیں کر سکتی۔
اُنہوں نے ہالی ووڈ فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ میں کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا مقصد ہمیشہ خود کو اسٹوڈیوز، سیٹس اور ایسے حالات میں رکھنا ہوتا ہے جن سے میں زیادہ واقف نہیں ہوں اور ہالی ووڈ فلم میں کام کرنا میرے کمفرٹ زون سے باہر تھا۔
واضح رہے کہ عالیہ بھٹ نے رواں سال فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ سے ہالی ووڈ میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔