طلاق کی تلخی کے بعد فوراً شادی نہیں کرسکی، منشا پاشا

طلاق کی تلخی کے بعد فوراً شادی نہیں کرسکی، منشا پاشا


پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ منشا پاشا نے اپنی پہلی طلاق کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے رشتے کے دوران آپ اس حد تک ایک دوسرے سے جُڑ جاتے ہیں کہ جب یہ رشتہ ختم ہوتا ہے تو بہت تکلیف دہ ہوتا ہے کہ آپ انفرادی طور پر اپنے بارے میں سوچ نہیں پاتے۔

حال ہی میں منشا پاشا نے فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی پہلی شادی اور پھر طلاق کے حوالے سے کھل کر بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات کرنا پسند نہیں ہے لیکن اس بارے میں سب کو پتا ہے کہ ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی اور اس کی تکلیف سے نکلنے میں تقریباً 5 سال کا عرصہ لگا۔

منشا پاشا کے مطابق ان کی اسی عادت نے انہیں اس تکلیف سے نکلنے میں مدد فراہم کی، کیونکہ جب ایک رشتہ ٹوٹ رہا ہوتا ہے تو ارد گرد کے لوگ مسلسل نصیحت اور مشورے دیتے ہیں, جو مثبت بھی ہوسکتے ہیں لیکن وہ وقت ایسا ہوتا ہے جب آپ کو اپنے اندر کی آواز سننی چاہیئے نہ کہ لوگوں کی۔

انہوں نے کہا انہیں امید نہیں تھی کہ ان کا رشتہ اس طرح ختم ہوگا اور اس تکلیف سے نکلنے میں انہیں کافی وقت لگا کیونکہ جب دو انسان ایک رشتے میں بندھے ہوتے ہیں تو دونوں کی زندگیاں اور خاندان بھی ایک ساتھ جُڑ جاتا ہے، ایک دوسرے کی عادت ہوجاتی ہے۔

پھر جب یہ ہی رشتہ ختم ہوتا ہے تو یہ بہت تکلیف دہ عمل ہوتا ہے کیونکہ ایک دوسرے کی عادت ہوتی ہے اور اس عادت سے نکلنے میں، اپنی ذات کے بارے میں سوچنے میں وقت لگتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق شاید اسی تکلیف سے بچنے کے لئے آج کل کے نوجوان شادی کے رشتے میں بندھنے کی بجائے، صرف تعلقات قائم کرنے پر یقین رکھتے ہیں کہ جب شادی کا رشتہ ہی نہیں ہوگا تو طلاق بھی نہیں ہوگئی، گھر والوں کی سننا نہیں پڑے گی، کوئی سوال یا کوئی نصیحت نہیں ہوگی۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایسی سوچ رکھنے والوں کو غلط قرار دیا اور کہا کہ اس خوف سے شادی سے بھاگنا بیوقوفی ہے، زندگی میں ہر چیز کو موقع دینا چاہئے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے موجودہ شوہر جبران ناصر کو ایک مشترکہ دوست کی وجہ سے شادی سے قبل جانتی تھیں، طلاق کی تکلیف برداشت کرنے کے بعد پھر سے فوراً شادی کرنا مشکل تھا اس لئے ہم دونوں نے ایک دوسرے کو جاننے میں وقت لگا اور پھر ہماری  دوستی 2021 میں شادی میں تبدیل ہوئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں