پاکستانی اداکارائیں بھی اپنے بجلی کے بل دیکھ کر پریشان

پاکستانی اداکارائیں بھی اپنے بجلی کے بل دیکھ کر پریشان


پاکستان میں بجلی کے بل میں اضافے کے حوالے سے صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے، بہت سے لوگوں کا اس مہینے کا بجلی کا بل بہت زیادہ آیا ہے۔

بجلی کے بلوں میں اس قدر اضافہ ہوا ہے کہ خوشحال سمجھے جانے والے افراد کو بھی صورتحال سے نمٹنا مشکل لگ رہا ہے۔

اداکارہ سعدیہ امام نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ اُنہیں بجلی کا بل 67 ہزار روپے موصول ہوا جس کے بعد اُنہوں نے بڑھتے ہوئے اخراجات سے نمٹنے کے لیے اپنے گھر کو شمسی توانائی پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا مگر تبدیلی کے بعد بھی اُنہیں 19 ہزار روپے کا بل موصول ہوا۔

میزبان ندا یاسر نے بتایا کہ ان کی پوری فیملی تقریباََ آدھے مہینے تو گھر سے دور چھٹیوں پر تھی، اس کے باوجود بھی انہیں 1 لاکھ روپے کا بل موصول ہوا جس کے بعد اب بجلی کے استعمال کو کم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے اور گھر کی بجلی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر غور کر رہی ہیں۔

فضا علی کو بھی 67 ہزار روپے کا بل موصول ہونے پر حیرانی ہوئی حالانکہ وہ زیادہ وقت اپنے گھر سے دور رہیں اور گھر پر زیادہ ایئرکنڈیشن بھی استعمال نہیں کیا۔

ان کے علاوہ، نادیہ خان نے بتایا کہ اُنہیں بھی 75 ہزار روپے کا بل موصول ہوا حالانکہ وہ تو اس  ماہ کام اور اسلام آباد میں اپنے والد سے ملنے کی وجہ سے وہ اپنے گھر موجود ہی نہیں تھیں۔

واضح رہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ پچھلی حکومت کی طرف سے شروع کیے گئے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسر (آئی پی پی) منصوبوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔

معاشی بدانتظامی اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔

ہوشروبا بجلی کے بل دیکھنے کے بعد کئی شہری خود کشی کرنے پر بھی مجبور ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں