عمیر رانا نے عامر خان کے تنازع پر اپنے ماضی کے بیان کی وضاحت دے دی

عمیر رانا نے عامر خان کے تنازع پر اپنے ماضی کے بیان کی وضاحت دے دی


پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار عمیر رانا نے اپنے ماضی کے بیان ’بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے میرا اسٹائل کاپی کیا ہے‘ کی وضاحت پیش کر دی۔

جیونیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار عمیر رانا نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز بیان کئے، اُن کے ساتھ مزیدار گیمز بھی کھیلے گئے اور حاضرین نے بھی اپنے پسندیدہ اداکار سے من پسند سوال پوچھے۔

دوران شو حاضرین میں سے ایک نے سوال کیا کہ ’آپ کا ماضی میں ایک بیان بہت وائرل ہوا تھا کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے آپ کا اسٹائل کاپی کیا ہے، تو آپ سنجیدہ تھے یا یہ مذاق تھا‘۔

عمیر رانا نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک آن لائن انٹرویو کے دوران یہ بات مذاق میں کہی تھی لیکن سوشل میڈیا پر اسے خوب ٹرول کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت میں اور عامر خان دونوں ہی ایسے پروجیکٹس میں کام کر رہے تھے جس میں ہمارا کردار ایک سکھ کا تھا اور ہم دونوں ہی کافی ایک جیسے لگ رہے تھے۔

اداکار نے کہا کہ وہ عامر خان کے کام کو بہت پسند کرتے ہیں، انہوں نے بھارتی سینما کے لیے بہت اور بہترین کام کیا ہے، دوران انٹرویو وہ بیان اس انداز میں نہیں دیا تھا جس طرح اسے ٹرول کیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں