بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنی دیول نے حال ہی میں ‘غدر 2’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
یہ فلم 450 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے، افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سنی دیول نے فلم کیلئے اپنا معاوضہ بڑھا کر 50 کروڑ کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سے متعلق سنی دیول نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مالی معاملات نجی ہوتے ہیں، ان کو عوامی نہیں بنانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نہیں بتاتا وہ کیا کماتا ہے، اپنے قریبی لوگوں کو بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں کیا معاوضہ لیتا ہوں کیا نہیں وہ اگلی فلم سائن کرتے وقت طے ہوگا، فی الوقت ہم سب ‘غدر 2’ کی شاندار کامیابی کو دیکھ رہے ہیں۔
سنی دیول کا کہنا تھا کہ مجھے میری وقعت معلوم ہے اور اپنی قیمت پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھدار انسان ہوں، آج مجھے الگ نظر سے دیکھا جاتا ہے لیکن میں تو وہی ہوں جہاں میں تھا، لوگوں کا نظریہ بدل گیا ہے۔