جب مہیش اور سونی کی حقیقی زندگی کے ڈائیلاگ فلم کا حصہ بنے

جب مہیش اور سونی کی حقیقی زندگی کے ڈائیلاگ فلم کا حصہ بنے


بالی ووڈ معروف ہدایتکار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر مہیش بھٹ نے انکشاف کیا کہ اُنہوں نے اہلیہ، سونی رازدان کو خود سے دور رہنے کے لیے دھمکی دی تھی۔

مشہور فلم ساز، مہیش بھٹ کسی تعارف کے محتاج نہیں  کیونکہ وہ اکثر ہی اپنی متنازع ذاتی زندگی اور بولڈ ریمارکس کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ 

واضح رہے کہ مہیش بھٹ نے پہلی شادی اداکارہ کرن بھٹ سے کی تھی جن سے اِن کے دو بچے پوجا بھٹ اور راہول بھٹ ہیں، نامعلوم بنا پر مہیش نے پہلی اہلیہ کرن سے علیحدگی اختیار کرلی تھی لیکن اُنہوں نے کرن بھٹ کو طلاق نہیں دی۔

بعد ازاں مہیش کی ملاقات سونی رازدان سے ہوئی اور وہ اِن سے محبت کر بیٹھے، مہیش بھٹ نے سونی رازدان کی محبت میں گرفتار ہونے سے خود کو بہت روکا مگر وہ ایسا نہیں کر سکے، سونی اور مہیش کی دو بیٹیاں شاہین بھٹ اور عالیہ بھٹ  ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ ’بالی ووڈ شادی ڈاٹ کام‘ کے مطابق معروف ہدایتکار مہیش بھٹ نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ اُنہوں نے اپنی اہلیہ، سونی رازدان کو خود سے دور رہنے کے لیے کہا تھا، انہوں نے سونی کو دھمکایا تھا کہ مجھ سے دور رہو ورنہ میں تمہیں برباد کر دوں گا۔

انٹرویو کے دوران مہیش بھٹ کا بتانا تھا کہ جب وہ سونی رازدان کی محبت میں گرفتار ہوئے تو اُن کے ہاں بیٹے، راہول بھٹ کی پیدائش ہوئی تھی، وہ راہول کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے تھے مگر اُن کا خیال بار بار سونی رازدان کی جانب ہی رہتا تھا۔

مہیش بھٹ کا اپنے انٹرویو کے دوران بتانا تھا کہ ’میں نے سوچا کہ سونی رازدان ایک سمجھدار خاتون ہے، مگر سونی کی جانب سے محبت کے اظہار نے مجھے مجبور کیا کہ میں اُسے دھمکا کر خود سے دور کر دوں۔‘

مہیش بھٹ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے سونی رازدان سے کہا تھا کہ ’میرے قریب مت آؤ، ورنہ میں تمہیں برباد کر دوں گا۔‘

جس پر سونی رازدان کا کہنا تھا کہ ’میں برباد ہونا چاہتی ہوں۔‘

مہیش بھٹ کے مطابق بعد ازاں اُن کے اور سونی کے درمیان ہونے والے یہ ڈائیلاگ اُن کی فلم ’راز‘ کا حصہ بنے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں