پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی اداکارہ میمونہ قدوس نے کہا ہے کہ اُنہیں نویں جماعت میں اپنے والد کے دوست کے بیٹے کے ساتھ پہلی محبت ہوئی تھی اور یہ محبت ابھی تک ان کے درمیان دوستی کی شکل میں موجود ہے۔
خوبرو اداکارہ میمونہ قدوس نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے نائٹ شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے اپنی نجی، پیشہ ورانہ زندگی اور اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے سمیت بات کی۔
میمونہ قدوس نے شوکے دوران بتایا تھا کہ اُنہوں نے ابلاغ عامہ (ماس کمیونیکیشن) کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ انٹرن شپ کے لیے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) گئی تھیں جہاں اُن میں اداکاری کرنے کا شوق پیدا ہوا تھا۔
اداکارہ کا بتانا تھا کہ انہوں نے اپنے شوق کی تکمیل کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے مختلف پروڈکشن ہاؤسز کو پیغامات بھیجے اور اداکاری کا موقع دینے کے لیے کہا، انہوں نے اپنا پہلا آڈیشن اداکار اعجاز اسلم کے پروڈکشن ہاؤس میں دیا تھا اور پہلا ڈراما بھی انہوں نے اعجاز اسلم کے ساتھ ہی کیا تھا۔
میمونہ قدوس کا شو کے دوران کہنا تھا کہ یہ غلط تاثر ہے کہ آج کل کے دور میں سوشل میڈیا فالوورز دیکھ کر فنکاروں کو کاسٹ کیا جاتا ہے۔
اداکارہ کا شو کے دوران ایک سوال کے جواب میں دوستی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لڑکیوں کے مقابلے لڑکے اچھے دوست ہوتے ہیں، لڑکیوں میں منفی خیالات زیادہ پائے جاتے ہیں، لڑکیاں ایک دوسرے سے جلتی رہتی ہیں، اس لیے ان کی رائے کے مطابق لڑکے قدرے بہتر دوست ثابت ہوتے ہیں۔