پیدائش کے تیسرے روز پتہ چلا کہ بیٹی کے دل میں 2 سوراخ ہیں: بپاشا کا انکشاف

پیدائش کے تیسرے روز پتہ چلا کہ بیٹی کے دل میں 2 سوراخ ہیں: بپاشا کا انکشاف


بالی وڈ اداکارہ بپاشا باسو نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں اپنی بیٹی دیوی کی پیدائش کے تیسرے روز معلوم ہوا کہ اس کے دل  میں دو سوراخ ہیں۔

اداکارہ بپاشا باسو اور اداکار کرن سنگھ گروور کے ہاں شادی کے 6 سال بعد نومبر 2022 میں پہلے بچے (بیٹی ) کی پیدائش ہوئی تھی، بپاشا باسو کی جانب سے انسٹاگرام پر بیٹی کی پیدائش کی خبر بھی شیئر کی گئی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ بیٹی کا نام ‘دیوی باسو سنگھ گروور’ رکھا گیا ہے۔

اب حال ہی میں نیہا دھوپیا کو دیے گئے ڈیجیٹل انٹرویو میں اداکارہ نے بیٹی کے دل میں سوراخ ہونے اور پھر  3 ماہ کی عمر میں سرجری کیے جانے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

دوران انٹرویو  زچگی کے تجربے پر بات کرتے ہوئے بپاشا نے انکشاف کیا کہ کرن اور میرا والدین بننے کا سفر عام والدین سے خاصا مختلف رہا، کبھی نہیں چاہوں گی کوئی نئی ماں اس تکلیف سے گزرے،  ایک ایسی ماں جسے بچے کی پیدائش کے تین دن بعد پتہ چلا کہ اس کی اولاد کے دل میں دو سوراخ ہیں، میں نے سوچا تھا کہ میں اس تکلیف کو  کبھی کسی سے شیئر نہیں کروں گی لیکن میں نے محسوس کیا کہ ایسی بہت سی مائیں ہیں جو میرے لیے اس سفر میں امید کی کرن بنیں اور ایسی ماؤں کو تلاش کرنا بے حد مشکل ہوتا ہے۔

بپاشا نے بتایا کہ ہم اس وقت یہ بھی نہیں جانتے تھے VSD( وینٹریکیولز سیپٹل ڈیفیکٹ) کیا ہے، ہم ایک مشکل وقت گزار رہے تھے، ایسا وقت جس میں ہم نے اپنے گھر والوں سے بھی اس پریشانی کو شیئر نہیں کیا تھا، ہم دونوں میں کچھ خالی پن تھا، ہم بچی کی پیدائش کو سلیبریٹ کرنا چاہتے تھے لیکن سکتے میں تھے۔

اداکارہ نے کہا کہ دیوی کی پیدائش کے بعد پہلے 5 ماہ ہمارے لیے خاصے مشکل رہے، ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ بچے کے دل کے سوراخ  کی وجہ سے ہمیں ہر ماہ اسکین کرانا پڑے گا تاکہ پتہ چل سکے کہ سوراخ خود سے ٹھیک ہو رہا ہے یا نہیں لیکن دیوی کے دل کے سوراخ جتنے بڑے تھے اسے ڈاکٹرز خطرناک کہہ رہے تھے اور ہمیں کہا گیا تھا  اس کیلئے تین مہینے  ہونے کے بعد ہمیں سرجری کروانی پڑے گی۔

بپاشا  نے جذباتی ہوتے ہوئے بتایا کہ اتنی کم عمر میں سرجری کا سن کر میں اور کرن پریشان ہوگئے تھے، تیسرے مہینے اسکین سے قبل میں نے ریسرچ کی، کئی ڈاکٹرز سے ملی جس کے بعد میں نے خود کو ذہنی طور پر تیار کرلیا لیکن کرن اس وقت بھی تیار نہ تھا، مجھے یقین تھا میری بیٹی ٹھیک ہو جائے گی اور وہ ٹھیک ہوگئی لیکن فیصلہ مشکل تھا جس کیلئے ضروری ہےکہ بچے کا آپریشن صحیح جگہ اور صحیح وقت پر کرایا جائے۔


اپنا تبصرہ لکھیں