لوگو کے بعد ٹوئٹر نے ’ری ٹوئٹ‘ کو ’پوسٹ‘ میں تبدیل کردیا

لوگو کے بعد ٹوئٹر نے ’ری ٹوئٹ‘ کو ’پوسٹ‘ میں تبدیل کردیا


مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے لوگو اور رنگت کے بعد ٹوئٹ کے نام کو بھی تبدیل کردیا۔

ٹوئٹر کو ابتدائی طور پر24 جولائی کو تبدیل کرکے اس کی رنگت بلیو سے بلیک کردی گئی تھی اور اس کا تاریخی ’پرندے‘ کا لوگو ہٹاکر اس کی جگہ ’ایکس‘ دیا گیا تھا۔

اب ٹوئٹر کو ’ایکس‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، تاہم تاحال پلیٹ فارم کا یو آر ایل یعنی ویب ایڈریس وہی ہے لیکن جب گوگل یا ایپل اسٹور سے اس کی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کی جائے گی تو ’ایکس‘ کا نشان آجاتا ہے۔

ماضی میں پلے اسٹورز سے ٹوئٹر کی ایپلی کیشنز کو ڈاؤن لوڈ کرتے وقت اس پر پرندے کا لوگو نظر آتا تھا، جس کی رنگت بلیو ہوتی تھی لیکن اب اس کی جگہ ’ایکس‘ نے لے لی ہے جب کہ ایپلی کیشن کی رنگت بھی بلیک کردی گئی ہے۔

مذکورہ تبدیلیوں کے بعد ٹوئٹر نے دو اگست کو ایک اور بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ’ٹوئٹ‘ کے نام کو تبدیل کرکے ’پوسٹ‘ کردیا۔

یہی نہیں بلکہ پلیٹ فارم نے ’ری ٹوئٹ‘ کا نام بھی تبدیل کرکے ’ری پوسٹ‘ کردیا۔

ٹوئٹر کو جب سے بنایا گیا تھا، وہاں کسی بھی مواد کو شیئر کرنے کے لیے ’ٹوئٹ‘ کا نام استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب پہلی بار اسے تبدیل کردیا گیا۔

’پوسٹ‘ کا نام فیس بک سمیت انسٹاگرام سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر بھی کیا جاتا ہے۔

’ٹوئٹ‘ کے نام کو تبدیل کرکے ایلون مسک ’ایکسز‘ رکھنا چاہتے تھے لیکن پھر نام پر ممکنہ تنازع کے خدشے کے پیش نظر اب اس کا نام ’پوسٹ‘ کردیا گیا۔

’ایکسز‘ عام طور پر ایسے افراد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جن کے پیار کرنے والے افراد سے رومانوی تعلقات ختم ہوجائیں۔

علاوہ ازیں خبریں ہیں کہ جلد ہی ٹوئٹر پر بلیو ٹک کے بجائے بلیو ٹک متعارف کرایا جائے گا، یعنی بلیو کی جگہ بلیک رنگت لے لے گی جب کہ ٹک کی جگہ ممکنہ طور پر ایکس کا نشان دیا جانے لگے گا۔

یہ خیال بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ایلون مسک آگے چل کر ٹوئٹر کا یو آر ایل یعنی ویب ایڈریس بھی تبدیل کرکے ’ایکس ڈاٹ کام‘ کردیں گے اور اس کے لیے صارفین کو نئے اکاؤنٹس نہیں بنانیں گے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں