پاکستان کی سینئر اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے کئی مشہور شخصیات سے بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف آواز اٹھانے کی درخواست کی تاہم سجل علی کے سوا کسی نے جواب نہیں دیا۔
اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے انسانی حقوق کی سرگرم کارکن بیرسٹر خدیجہ صدیقی کے ہمراہ دوران گفتگو ایک سوال پر بتایا کہ انہوں نے کئی معروف شخصیات سے التجا کی ہے کہ وہ بچوں سے جبری مشقت کے خلاف اور کم سن رضوانہ کے حق میں ویڈیو پیغام جاری کریں لیکن کسی نے جواب نہیں دیا۔
انہوں نے بتایا کہ بیرون ممالک میں بڑے بڑے فنکار اپنے معاشرے کی بہتری کے لئے آواز بلند کرتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کی رسائی ہے، ان کے کروڑوں کے فالورز ہیں لیکن میرے پاس اتنے فالورز نہیں ہیں اس لئے میں نے اپنے ساتھی فنکاروں سے التجاء کی کہ وہ بچوں سے جبری مشقت اور گھریلو تشدد کے خلاف صرف ایک لائن کی ویڈیو پیغام جاری کریں۔
نادیہ جمیل نے کسی کا نام لئے بغیر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ تمام ساتھی فنکار دل کے بہت اچھے ہیں اور وہ اس معاملے کی سنگینی کو بھی جانتے ہیں تاہم انہوں نے یہ کہتے ہوئے معذرت کرلی کہ ’ہم ایسی ویڈیوز میں اچھے نظر نہیں آئیں گے‘۔
سماجی کارکن نے مزید کہا کہ ’صرف سجل علی واحد اداکارہ ہیں جنہوں نے ان کی درخواست پر فوری طور پر ویڈیو پیغام جاری کیا، تاہم وہاج علی، ماہرہ خان، عدنان صدیقی، ہمایوں سعید ، فواد خان اور حمزہ علی عباسی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جلد ہی ’چائلڈ ڈومیسٹک لیبر‘ کیخلاف ویڈیو پیغام سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شیئر کریں گے، جس کا انتظار کر رہی ہوں‘۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ ان کے اچھے لگنے کی بات نہیں بلکہ سماجی مسئلے کی بات ہے، شوبز سے جُڑی شخصیات کو اپنی طاقت کو پہچاننے اور اسے سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ان کے چند الفاظ معاشرے میں کتنی بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں۔