فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے کیلئے بھائیوں سے مدد نہیں لی: ادیتیہ رائے کپور

فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے کیلئے بھائیوں سے مدد نہیں لی: ادیتیہ رائے کپور


بالی ووڈ کے معروف اداکار ادیتیہ رائے کپور کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے اپنے بھائیوں سے مدد نہیں لی۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں ایسے بہت سے باصلاحیت اداکار ہیں جنہیں اقربا پروری کی پیداوار کہہ کر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور  ادیتیہ رائے کپور کا شمار بھی ایسے ہی اداکاروں میں ہوتا ہے کیونکہ ان کے بڑے بھائی سدھارتھ رائے کپور بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار ہیں۔

اس حوالے سے ادیتیہ رائے کپور نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ لوگ جانتے ہیں کہ میں نے فلم انڈسٹری میں اپنا راستہ خود بنایا ہے، میں نے ایسی فلموں میں بطور معاون اداکار کام کر کے اپنے کیریئر کا آغاز کیا جن میں میرے بھائی شامل نہیں تھے۔

اُنہوں نے بتایا کہ میری جدوجہد کا سفر عوام کے سامنے ہے، لوگوں نےخود  میرے کیریئر کو آہستہ آہستہ ترقی کرتے دیکھا ہے جب میں نے فلم میں اپنا پہلا مرکزی کردار ادا کیا تو اس سے پہلے میں 3 معاون کردار ادا کر چکا تھا

ادیتیہ رائے کپور نے کہا کہ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ یہ سفر لوگوں کو یہ بات سمجھانے کے لیے کافی ہے کہ میں نے اپنا کیریئر بنانے کے لیے اپنی فیملی سے مدد نہیں لی۔

واضح رہے کہ ادیتیہ رائے کپور نے 2009ء میں فلم ’لندن ڈریمز‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور 2013ء میں فلم ’عاشقی 2‘ سے انہیں فلم انڈسٹری میں پہچان ملی۔

حال ہی میں ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ریلیز ہونے والی سیریز ’دی نائٹ مینیجر‘ نے اُنہیں شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں