وٹامن ڈی امراض قلب سے بھی بچانے میں مددگار

وٹامن ڈی امراض قلب سے بھی بچانے میں مددگار


طویل عرصے تک ہونے والی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زائد العمری میں وٹامن ڈی سے بھرپور غذائیت یا وٹامن ڈی کی سپلیمینٹس کا باقائدہ استعمال امراض قلب سے بچانے میں مددگار ہوتا ہے۔

وٹامن ڈی کو متعدد امراض کو کم کرنے میں مددگار سمجھا جاتا ہے اور ماضی میں ہونے والی بعض تحقیقات میں عندیہ دیا گیا تھا کہ وٹامن ڈی امراض قلب سے بچانے میں مددگار نہیں ہوتی۔

تاہم آسٹریلیا میں ہونے والی ایک تحقیق سےمعلوم ہوا ہے کہ وٹامن ڈی کے سپلیمینٹس کے استعمال سے امراض قلب میں 19 فیصد تک کمی آ سکتی ہے۔

طبی جریدے ’بی ایم جے‘ میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے وٹامن ڈی کے استعمال کا امراض قلب اور فالج پر اثر جاننے کے لیے 6 سال تک تحقیق کی۔

ماہرین نے تحقیق کے لیے 21 ہزار سے زائد افراد کی خدمات حاصل کیں، جن کی عمریں 60 سے 84 سال تک تھیں اور پانچ سال تک ان پر تحقیق کی۔

ماہرین نے تمام افراد کو دو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا، جس میں سے ایک گروپ کو ماہانہ وٹامن ڈی کی مخصوص مقدار کی سپلیمنٹ استعمال کرنے کا کہا گیا جب کہ دوسرے گروپ کو فرضی سپلیمینٹس دیے گئے۔

ماہرین نے تحقیق سے قبل تمام رضاکاروں کے بلڈ ٹیسٹ کرنے سمیت ان کی میڈیکل ہسٹری بھی چیک کی اور تحقیق کے بعد بھی ماہرین کے بلڈ ٹیسٹ کیے گئے اور ان کی ہسٹری دیکھی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ مجموعی طور پر وٹامن ڈی کی سپلیمینٹس کا استعمال کرنے والے افراد میں امراض قلب کم ہونے یا ایسی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے امکانات میں 19 فیصد کمی ہوئی۔

اسی طرح خطرناک امراض قلب جن میں ہارٹ اٹیک بھی شامل ہے، اس میں بھی 9 فیصد کمی نوٹ کی گئی۔

ۭماہرین کے مطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد امراض قلب کی بیماریوں میں مبتلا ہوں اور اس کی ادویات لیتے ہوں، ایسے افراد کی جانب سے وٹامن ڈی کی سپلیمینٹس لینے کے زیادہ فوائد ہوتے ہیں۔

تاہم تحقیق سے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وٹامن ڈی کی سپلیمینٹس فالج کو روکنے یا اس کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ہوتی ہیں یا نہیں؟


اپنا تبصرہ لکھیں