’برا لگ رہا ہے اور نہ اداس ہوں‘ دھرمیندر سے الگ رہنے کے سوال پر ہیما مالنی کا جواب

’برا لگ رہا ہے اور نہ اداس ہوں‘ دھرمیندر سے الگ رہنے کے سوال پر ہیما مالنی کا جواب


سینئر، معروف بھارتی اداکارہ و سیاستدان  ہیما مالنی نے شوہر، اداکار دھرمیندر سے دور رہنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

74 سالہ لیجنڈری اداکارہ ہیما مالنی نے حال ہی میں بھارتی میڈیا ’لہرین ٹی وی‘ کو انٹرویو دیا ہے۔

اس انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنے تجربات، کیریئر، خاندان اور شوہر، دھرمیندر سے دور رہنے سے متعلق بات کی ہے۔

اداکارہ سے انٹرویو کے دوران سوال پوچھا گیا کہ آپ کو اپنے شوہر دھرمیندر سے دور رہنا کیسا لگتا ہے؟

اس سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اس پر غمزدہ نہیں ہوں، میں اپنے آپ سے خوش ہوں، میرے دو بچے ہیں اور میں نے ان کی پرورش بہت اچھے طریقے سے کی ہے۔

انٹرویو کے دوران اداکارہ ہیما مالنی کو بتایا گیا کہ لوگ اِنہیں شادی کے بعد اپنے گھر میں رہنے کے لیے ’نسائیت (فیمنزم، حقوق نسواں، خواتین کے لیے مکمل سماجی، معاشی اور سیاسی مساوات پر یقین رکھنا) کی علامت‘ کہتے ہیں۔

اس پر اداکارہ نے حیران ہوتے ہوئے دہریا ’نسائیت کی علامت؟‘

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ایسا نہیں بننا چاہتا، ایسا خود بخود ہو جاتا ہے، کوئی بھی ایسا محسوس نہیں کرنا چاہتا، کوئی بھی اپنی زندگی اس طرح اکیلے گزارنا نہیں چاہتے۔

ہیما مالنی کا کہنا تھا کہ ہر عورت چاہتی ہے کہ اُس کا ایک شوہر ہو، بچے ہوں اور ایک عام خاندان کی طرح اُس کی زندگی گزرے، لیکن کہیں نہ کہیں ایسا ہو نہیں پاتا ہے۔

ہیما مالنی نے مزید کہا کہ دھرمیندر ہمیشہ میرے پاس رہے ہیں، انہوں نے پھر اپنے جملے دہرائے کہ میں برا محسوس نہیں کر رہی ہوں اور نہ ہی اس پر غمگین ہوں، میں اپنے آپ سے خوش ہوں۔

انہوں نے ایک پرانی یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ (دھرمیندر) ایک بار پریشان تھے اور مجھ سے کہنے لگے کے بچوں کی جلدی شادیاں ہو جانی چاہئیں۔

اس پر میں نے اُن سے کہا تھا کہ شادیاں ہو جائیں گی، وقت اور اچھا انسان ملنے پر شادیاں بھی ہو جائیں اور سب کچھ ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ دھرمیندر نے 1980ء میں اس وقت کی ٹاپ فلم اسٹار ہیما مالنی سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی دو بیٹیاں ایشا اور آہنا ہیں۔

دوسری جانب فلموں میں قدم رکھنے سے قبل دھرمیندر نے 1954ء میں 19 سال کی عمر میں پرکاش کور سے شادی کی تھی، دھرمیندر کے اپنی پہلی اہلیہ سے چار  بچے سنی، بوبی وجیتا اور اجیتا ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں