بالی ووڈ کے لیجنڈری ہیرو دلیپ کمار (یوسف خان مرحوم) کی اہلیہ سائرہ بانو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر بھلے نئی ہوں لیکن ان کی انسٹا پوسٹس ان کی اور دلیپ کمار کی پرانی یادوں سے سجی ہوئی ہے۔
اداکارہ سائرہ بانو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے مرحوم شوہر کی ایک اور یاد کو تازہ کرتے ہوئے ان کی جوانی کے دنوں میں کرکٹ کھیلتے ہوئے تصویر شیئر کردی۔
بلیک اینڈ وائٹ تصویر کے ساتھ انہوں نے طویل کیپشن بھی لکھا اور مایاناز اداکار کی شخصیات کے ایک نئے پہلو سے ان کے مداحوں کو ملوایا اور انکشاف کیا کہ ایک وقت تھا جب مرحوم اداکار کرکٹر بننا چاہتے تھے۔
انہوں نے انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’مجھے یہ تصویر دیکھنا پسند ہے کیونکہ محمد یوسف خان اپنی جوانی میں کرکٹر بننا چاہتے تھے لیکن اللّہ تعالیٰ نے ان کی قمست میں کچھ اور بہتر لکھ رکھا تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ محمد یوسف خان المعروف دلیپ کمار کالج کے بعد روزانہ میٹرو سنیما کے پیچھے والے میدان میں جاکر کرکٹ اور فٹ بال کھیلا کرتے تھے، انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ کس طرح انہوں نے پیسے جمع کرکے اپنا پہلا بلّا اور جوتے خریدے تھے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دلیپ کمار اپنے اسکول کے دور میں ایک بہترین ایتھلیٹ ہوا کرتے تھے کہ 200 میٹر کی دوڑ میں ہمیشہ اول آکر فاتح قرار پاتے تھے
انہوں نے اپنے اور دلیپ کمار کی کرکٹ سے جڑی ایک اور خوش گوار یاد بھی شیئر کی کہ انہوں نے کس طرح دلیپ جی سے باؤلنگ کرنا سیکھی اور کس طرح پہلی ہی گیند پر انہیں آؤٹ کردیا جس پر راج کپور بھی اپنی ہنسی نہ روک پائے۔
واضح رہے کہ برصغیر کے عہد ساز اداکار کا دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو طویل علالت کے بعد ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے تھے حال ہی میں ان کی دوسری برسی منائی گئی۔