سندھ: شدید گرمی کی لہر سے جامشورو، دادو میں 4 افراد دم توڑ گئے

سندھ: شدید گرمی کی لہر سے جامشورو، دادو میں 4 افراد دم توڑ گئے


سندھ کے اضلاع دادو اور جامشورو میں ہیٹ اسٹروک کے باعث 4 افراد انتقال کر گئے جبکہ 14 افراد بے ہوش ہوگئے۔

دادو اور اس کے گردونواح میں پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کے باعث 2 شہری محمد افضل آرائیں اور محمد عرس جانویری زمین پر گرنے کے بعد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

دادو کے ساتھ میہڑ اور اطراف کے علاقوں میں بھی 10 افراد شدید گرم موسم کے باعث بے ہوش ہوئے، جنہیں سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔

شدید گرمی کے ساتھ بجلی کے مسلسل بریک ڈاؤن کی وجہ سے دکانداروں نے دن کے اوقات میں اپنی سرگرمیاں معطل رکھیں خصوصاً دادو میں دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک جہاں شاہی بازار، رائے بازار، شاپنگ سینٹرز، کپڑا بازار، صرافہ بازار بند رہے جبکہ نئی اور پرانی بسوں کے اڈے ویرانے کا منظر پیش کررہے تھے۔

سول ہسپتال دادو کے چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر اللہ بخش کوریجو نے بتایا کہ شدید گرم موسم کے باعث 300 بچوں کو گیسٹرو کی شکایات کے ساتھ ہسپتال لایا گیا۔

دوسری جانب بھان سعید آباد میں حاجی دھنی بخش برہمنی اور امری ٹاؤن کے محمد وارث چھچھر گرمی کی شدید لہر سے بے ہوش ہو ئے اور بعدازاں دم توڑ گئے، اس کے علاوہ سیہون اور سان شہر میں بھی 2، 2 افراد بے ہوش ہوئے۔

سید عبداللہ شاہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز سہون کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے لوگوں کو گرمی سے بچانے کے لیے گھروں کے اندر رہنے اور دن کے وقت ٹھنڈے مشروبات اور پانی کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہونے کی علامات

واضح رہے کہ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ شخص میں یہ علامات ہوسکتی ہیں۔

  • جسم میں پانی کی کمی
  • غشی طاری ہونا
  • جسم سے پسینے کا اخراج رک جانا
  • دل کی دھڑکن بہت زیادہ بڑھ جانا
  • جلد سرخ، گرم اور خشک ہوجانا

ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہونے پر کیا کرنا چاہیے؟

  • سب سے پہلے تو ایمبولینس کو طلب کریں یا متاثرہ شخص کو خود ہسپتال لے جائیں (طبی امداد میں تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے)، ایمبولینس کے انتظار کے دوران مریض کو کسی سایہ دار جگہ پر منتقل کردیں۔
  • مریض کو فرش پر لٹا دیں اور اسکے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں (تاکہ دل کی جانب خون کا بہاﺅ بڑھ جائے)۔
  • مریض کے کپڑے تنگ ہوں تو ان کو ڈھیلا کردیں۔
  • مریض کے جسم پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں یا ٹھنڈے پانی کا اسپرے کریں۔
  • پیڈسٹل پنکھے کا رخ مریض کی جانب کردیں تاہم بجلی نہ ہو تو کسی بھی چیز سے خود مریض کو ہوا دیں۔

اس سے ہٹ کر بھی گھر سے باہر نکلتے ہوئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں اور طبیعت بگڑنے پر فوری پانی کا استعمال کریں۔

ہیٹ اسٹروک سے بچنے کی چند احتیاطی تدابیر

شدید گرم موسم میں ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے گھر سے باہر نکلتے ہوئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں اور طبیعت بگڑنے پر فوری پانی کا استعمال کریں، سر کے اوپر ہلکا ٹھنڈا کپڑا رکھ کر چلیں یا سفر کریں تو زیادہ بہتر ہے

انتہائی سخت گرمی اور دھوپ میں زیادہ دیر تک مشقت والا کام کرنے سے گریز کریں، غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے کی زحمت نہ کریں۔

گھر کو ہوادار اور ٹھنڈا رکھنے کے انتظامات کریں، زیادہ گرمی ہونے کی صورت میں نہائیں۔

زیادہ پانی اور ہلکی پھلکی غذاؤں کا استعمال کریں جو نظام ہاضمہ کو بہتر کرنے سمیت جسم میں پانی کی نمکیات کو برقرار رکھنے میں مددگار ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں