جیو ٹی وی کے مقبول ڈرامے ’جھوم‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پاکستانی خوبرو نوجوان اداکار ہارون کادوانی نے اداکار فیروز خان سے کئے جانے والے موازنے کو سمجھ سے بالاتر قرار دے دیا۔
حال ہی میں ایک ویب شو کو دیئے گئے انٹرویو میں نوجوان اداکار ہارون کادوانی نے اداکار فیروز خان سے کئے جانے والے موازنے کو سمجھ سے بالاتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی اپنی شناخت ہے اور میری اپنی شناخت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیروز خان ایک کامیاب اداکار ہیں اور انہوں نے اس مقام تک پہچنے میں بہت محنت کی ہے۔ فیروز خان ہماری انڈسٹری کا جانا مانا نام ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا نظریہ مختلف ہے، میرے لئے گلاس آدھا بھرا ہوا ہے، ایسا ممکن ہی نہیں ہے کہ میں کسی کو ریپلیس کر دوں گا میں تو دعا گو ہوں کہ جو محنت کر رہا ہے اللہ تعالیٰ سب کو کامیابیاں نصیب کریں اور عزت دینے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے فیروز خان اور ہارون کادوانی کا موازنہ کیا جاتا ہے جبکہ کئی صارفین کا ماننا ہے کہ ہارون کادوانی فیروز خان کی کاپی لگتے ہیں۔
کئی لوگوں نے ان پر یہ بھی الزام لگایا کہ ہارون کادوانی فیروز خان کی اداکاری کی نقل کرتے ہیں۔ بعض صارفین کے مطابق ہارون کادوانی کی وجہ شہرت ان کی فیروز خان سے مشابہت ہے۔