بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی بیٹی آرادھیا بچن سے پسندیدہ فلم کے بارے میں سوال نہ پوچھنے کی وجہ بتا دی۔
ابھیشیک بچن نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی بیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ ان کی والدہ نے اُنہیں بغیر کسی رکاوٹ کے جنم دیا، یہ بہت عام سی بات تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ آرادھیا بالکل دوسرے عام بچوں کی طرح ہی ہے اور اس بات کا کریڈٹ پوری طرح سے میری بیوی کو جانا چاہیئے کیونکہ وہ بیٹی کا خیال رکھتی ہیں اور مجھے باہر جانے اور اپنی فلمیں بنانے کی اجازت دیتی ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ آسان نہیں ہو سکتا لیکن آرادھیا بالکل ایک عام بچی ہے اور اسی وجہ سے وہ خوشی سے کھیلتی ہے، اسکول جاتی ہے اور اپنے دوستوں کے ساتھ اچھا وقت گزارتی ہے۔
ابھیشیک بچن نے انکشاف کیا کہ میں آرادھیا سے یہ کبھی نہیں پوچھنا چاہتا کہ اسے میری کون سی فلم سب سے زیادہ پسند ہےکیونکہ مجھے لگتا کہ مجھے بے دردی اور ایمانداری سے جواب ملے گا جسے سننے کے لیےمیں ابھی تیار نہیں ہوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کسی کو بھی اپنی بیٹی کے بارے میں بات کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
یاد رہے کہ آرادھیا بچن نے حال ہی میں اس وقت بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنیں جب انہوں نے بغیر اجازت اپنی صحت سے متعلق ویڈیوز شیئر کرنے پر متعدد یوٹیوب چینلز کے خلاف قانونی کارروائی کی۔
اُنہوں نے دہلی ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جس کا نتیجہ سازگار نکلا اور تمام یوٹیوب چینلز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس قسم کے مواد کو شیئر کرنے سے گریز کریں۔