مینلوپارک: ٹیکنالوجی کمپنی میٹا اپنی ذیلی سوشل میڈیا ایپلی کیشن واٹس ایپ میں بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے اور اپنے واٹس ایپ کے بِیٹا ورژن میں نِت نئے فیچر آزمائش کے لیے پیش کرتی رہتی ہے۔
حال ہی میں واٹس ایپ بِیٹا ورژن 2.23.13.11 جاری کیا گیا جس میں صارفین نے ایک نئے فیچر کی نشان دہی کی ہے۔ اس فیچر کی مدد سے چیٹ اور گروپ میں کسی بھی میسج کو پِن کرنے کی مدت کا تعین کیا جاسکے گا۔
تازہ ترین بِیٹا اپ ڈیٹ میں خود بخود میسج کو پِن پوزیشن سے ہٹانے کے لیے تین آپشن دیے گئے ہیں: 24 گھنٹے، 7 دن اور 30 دن۔ ان آپشن سے یہ واضح ہوتا ہے واٹس ایپ صارفین ضروری اعلانات ایک معینہ مدت تک سب سے اوپر رکھ سکیں گے۔ ساتھ ہی صارفین اپنی مرضی سے بھی ان پیغامات کو کسی بھی وقت ٹاپ پوزیشن سے ہٹا سکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کو متعارف کرائے جانے کے متعلق فی الحال حتمی تاریخ کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ پر امید کی جارہی ہے کہ یہ فیچر جلد صارفین کو دستیاب ہوگا۔