سمیر وانکھیڑے کرپشن کیس: شاہ رخ خان اور آریان خان کے بیانات ریکارڈ کیے جانے کا امکان

سمیر وانکھیڑے کرپشن کیس: شاہ رخ خان اور آریان خان کے بیانات ریکارڈ کیے جانے کا امکان


بھارتی تحقیقاتی ادارے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کا  سمیر وانکھیڑے کے خلاف کرپشن کے مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں اداکار شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آریان خان کے بیانات ریکارڈ کرنے کا ارادہ ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اس معاملے سے واقف ایجنسی کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے شاہ رخ خان اور آریان خان کے بیانات ریکارڈ کرنا ضروری ہیں اس لیے ہم جلد ہی ان دونوں کے بیانات ریکارڈ کریں گے۔

اہلکار نے مزید بتایا کہ سمیر وانکھیڑے کی جزوی تحقیقات ایجنسی نے پہلے ہی مکمل کر لی ہیں لیکن اس سے باضابطہ طور پر تفصیلی پوچھ گچھ کرنے کے لیے ایجنسی عدالت کی منظوری کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ بمبئی ہائی کورٹ نے سمیر وانکھیڑے کو 23 جون تک گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کیا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ سال 2021ء میں این سی بی ممبئی زون کے سربراہ کے طور پر سمیر وانکھیڑے اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو گرفتار کرنے کے بعد تنازعات میں الجھ گئے ہیں۔

گزشتہ ماہ سی بی آئی کی جانب سے سمیر وانکھیڑے کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ 

 آریان خان کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ 2 اکتوبر 2021ء کو آریان خان اور کئی دیگر افراد کو NCB نے منشیات رکھنے، استعمال کرنے اور اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

آریان خان کو 28 اکتوبر 2021ء کو ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے آریان خان کے خلاف ناکافی شواہد کی بنیاد پرضمانت دے دی گئی تھی۔

ممبئی ہائیکورٹ نے اس کیس کو بڑی سازش قرار دیتے ہوئے این سی بی کے دعووں کو مسترد کر دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں