پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ مایاناز و معروف لکھاری، دانشور اور مزاح نگار انور مقصود کے بیٹے اور گلوکار بلال مقصود نے والد کو ٹیکنیکل ہونے کا مشورہ دے دیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسٹرنگز کے سابق ممبر بلال مقصود نے سوشل میڈیا صارفین کو مطلع کیا تھا کہ ان کے والد انور مقصود سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر نہیں ہیں اور ان کے نام سے منسوب تمام اقوال بھی جعلی ہیں صرف وہ ویڈیو قابل بھروسہ ہیں جن میں انہیں گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بلال مقصود نے اپنے والد کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں ٹیکنیکل ہونے کا مشورہ دے دیا۔
مذکورہ ویڈیو میں انور مقصود کو مصوری میں مشغول دیکھا جاسکتا ہے، اتنے میں بلال ان سے دریافت کرتے ہیں کہ آپ کے پاس کون سا فون ہے اور ساتھ ہی انہیں فون تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دے دیا۔
انور مقصود بیٹے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنے فون کا ماڈل دکھاتے ہیں اور نیا فون بھی اسی نوعیت کا خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہیں، اس کے ساتھ ہی مزاح نگار بیٹے کو بتاتے ہیں کہ انہوں نے امریکا کے دورے کے دوران ایک اور فون خریدا تھا، وہ مذکورہ فیچر فون سے زیادہ بہتر ہے اور اس امریکن فون میں سم بھی ڈلوالی ہے۔
بلال مقصود اپنے والد کےانکشاف پر ان کا نیا فون سوشل میڈیا صارفین کو دکھاتے ہیں جو قدرے پرانا تاہم فولڈنگ فون ہے۔
گلوکار والد کو آگاہ کرتے ہیں کہ یہ فون یہاں کام نہیں کرے گا، جس پر انور مقصود فوراً اپنا نمبر ڈائل کرکے بیٹے کو غلط ثابت کردیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ اچھا فون ہے اور اس میں ٹائم بھی آتا ہے۔
بلال مقصود والد کو بتاتے ہیں کہ ٹائم تو ہرفون پر نظر آتا ہے، جس پر انور مقصود بتاتے ہیں کہ پرانے فون میں نہیں آتا۔
گلوکار پھر اپنے والد کو پرانے فون میں ٹائم سیٹ کرکے بتاتے ہیں کہ اس میں ٹائم بھی آتا ہے لیکن آپ نے سیٹنگ نہیں کی ہوئی اور ساتھ ہی انہیں تھوڑا ٹیکنیکل ہونے کی درخواست کردی۔
![بلال مقصود نے والد کو ٹیکنیکل ہونے کا مشورہ دے دیا](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-06-21/1239432_2181620_dnan_updates.jpg)
باپ بیٹے کی اس دلچسپ ویڈیو پر جہاں سوشل میڈیا صارفین انور مقصود کے گُن گا رہے ہیں وہیں اداکار عدنان صدیقی نے بھی تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انور ماموں ٹیکنیکل ہوں یا نہ ہوں، نیا فون لیں یا نہ لیں مگر اس بات کی داد تو دینی پڑے گی کہ ان کو اپنا فون نمبر یاد ہے ۔ یہ ہی بڑی بات ہے‘۔