سندھ حکومت نے 37 ارب روپے خسارے کا 2 کھرب 244 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا، جس میں سے 214 ارب روپے صحت پر خرچ کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صحت کیلئے آئندہ مالی سال کی مختص شدہ غیر ترقیاتی بجٹ 214.547 ارب روپے جب کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 19 ارب روپے کی رقم تجویز ہے۔
ان کے مطابق رواں سال مختلف امراض پر قابو پانے اور صحت کے بہتر معیار کیلئے 233 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
انہوں نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال ہیپاٹائٹس بی ، سی اور ڈی کے مریضوں کیلئے ادویات اور ویکسین کی مد 2.4 ارب روپے مہیا کئے گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ رواں سال 10.9 ملین مریضوں کو اسکریننگ ٹیسٹ اور ادویات کی سہولیات دی گئی، صحت کے انفرااسٹرکچر کی ترقی کیلئے رواں مالی سال میں 219 جاری اور نئے منصوبوں پر 2.39 ارب روپے خرچ کیے گئے، جس میں سے صحت سے متعلق 14 منصوبے جون 2023 تک مکمل کیے جائیں گے جب کہ کارکردگی کی بنیاد پر 1272 صحت مراکز کے انتظامی امور ٹھیکے پر دیئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 24-2023 کے بجٹ میں ایس آئی یو ٹی کراچی کے لیے 15.316 ملین روپے گرانٹ رکھی گئی ہے، جب کہ ایس آئی یو ٹی کے دیگر سینٹرز شہید بے نظیر آباد اور مہرالنسا، میڈیکل کمپلیکس کراچی اور سکھر میڈیکل کمپلیکس میں روبوٹک سرجری کے سسٹمز کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیوٹ آف گمبٹ کے لیے 6 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جب کہ کڈنی سینٹر کراچی کو گرانٹ ان ایڈ کی مد میں 200 ملین روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق انڈس ہسپتال کراچی کی گرانٹ 2.5 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب کردی گئی جب کہ جناح ہسپتال کے لیے 4258 اسامیوں کے ساتھ مالی وسائل کو 7.196 ارب روپے سے بڑھا کر 11.217 ارب روپے کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن جناح اسپتال کراچی کی گرانٹ میں اضافہ کرکے 640 ملین روپے کردیا گیا جب کہ جناح ہسپتال میں روبوٹک سرجیکل سسٹم کی خریداری کیلئے 200 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ کی 180 اضافی نشستوں کیلئے 225.482 ملین روپے رکھے گئے ہیں جب کہ طلبہ/زیر تربیت نرسز کی 165 اضافی نشستوں کیلئے 59.400 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر کیلئے پی پی ایچ آئی کو 12.750 ارب روپے دیے جارہے ہیں جب کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما کراچی کی گرانٹ 2.4 ارب روپے سے بڑھا کر 3.1 ارب کردی گئی ہے۔