ایپل نے میک بک ایئر اور آئی او ایس 17 پیش کردیا

ایپل نے میک بک ایئر اور آئی او ایس 17 پیش کردیا


امریکی موبائل کمپیوٹر ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے سال 2023 کے پہلے اور بڑے ایونٹ میں متعدد مصنوعات پیش کردیں، جس میں سے کمپنی کے ورچوئل ریئلٹی (وی آر) ہیڈ سیٹ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

ایپل کی ورلڈ وائڈ ڈیولپرز کانفرنس (ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 2023) 5 جون کو امریکا میں ہوئی، جس میں کمپنی نے اپنا اپڈیٹ اور نیا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 17 بھی متعارف کرادیا۔

کمپنی کے ایونٹ میں متعدد مصنوعات پیش کی گئیں، تاہم کمپنی کی جانب سے پیش کردہ وی آر ہیڈ سیٹ سب کی توجہ کا مرکز رہا۔

کمپنی کی جانب سے پیش کیے گئے ’وژن پرو‘ نامی ہیڈ سیٹ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں ایسے فیچرز دیے گئے ہیں، جس کے تحت اسے استعمال کرنے والا شخص آس پاس کے دوسرے افراد پر بھی نظر رکھ سکے گا۔

’وژن پرو‘ کے ڈیزائن کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ استعمال کرنے والے صارف کی آنکھیں بھی دوسرے افراد کو دکھائی دیں گی جب کہ صارف دوسرے افراد پر بھی نظر رکھ سکے گا۔

علاوہ ازیں ہیڈ سیٹ میں متعدد نمایاں فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جس کے تحت صارفین اس میں کئی ایپلی کیشنز کو بھی استعمال کر سکیں گے۔

وی آر ہیڈ کی قیمت 4 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے اور اس کی ایک اہم بات یہ ہے کہ اس سیٹ کے لیے فلم پروڈکشن کمپنی ڈزنی خصوصی فلمیں اور ویب سیریز بھی بنائے گی۔

کمپنی نے ایونٹ میں 13 اور 15 انچ اسکرین کا حامل میک بک ایئر بھی پیش کیا، جسے ایم ٹو میں 24 کور کے سی پی یو کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

میک بک ایئر کی قیمت 1100 سے 1300 امریکی ڈالر تک رکھی گئی ہے اور کا 15 انچ ماڈیول 1300 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 3 لاکھ 72 ہزار روپے سے زائد کا ہوگا۔

کمپنی نے ایونٹ میں آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 17 کو بھی پیش کیا، جس میں متعدد نئے فیچرز کو شامل کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق آئی او ایس 17 میں سیکیورٹی فیچرز کے علاوہ دیگر فیچرز کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

نئے آپریٹنگ سسٹم میں اب صارفین وائس کال کو میسیجز میں بھی تبدیل کر سکیں گے جب کہ موصول ہونے والے میسیجز کو آڈیو کی صورت میں بھی سن سکیں گے۔

علاوہ ازیں آئی او ایس 17 کے تحت اب صارفین تمام نمبرز پر الگ ایموجی اور ڈیجیٹل اوتار بھی بنا سکیں گے اور ہر نمبرز کو مختلف آئیکون اور رنگ بھی دے سکیں گے۔

ایونٹ کے دوران کمپنی نے ایئر پوڈز اور واچز بھی پیش کیں جب کہ آئی فونز اور میک بک کے لیے سافٹ ویئرز اپڈیٹس کا بھی اعلان کیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں