76ویں کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ بھی منتخب

76ویں کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ بھی منتخب


کانز فلم فیسٹیول کے 76ویں سالانہ میلے میں دیگر ممالک کی طرح پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ بھی نمائش کے لئے پیش کی جا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین نژاد پاکستانی فلم ساز ضرار خان کی ہدایت کاری میں بننے والی ہارر فلم ’ان فلیمز‘ کو فلم فیسٹیول میں 19 اور 20 مئی کو ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ میں پیش کیا جائے گا، جہاں ہدایت کاروں کی پسندیدہ فلموں کی خصوصی نمائش کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ اس ہارر فلم کی کہانی ایک ایسی ماں اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے جنہیں مرد سرپرست کی موت کے بعد مختلف مشکلات کا سامنا اور معاشرے کی سختیاں برداشت کرنا پڑتی ہیں۔

ضرار خان کی تحریر کردہ اس ہارر فلم میں کوئی بھی گلیمر یا گانا موجود نہیں جو دیکھنے والوں پر اپنا جادو چلا سکے بلکہ اس فلم کی سادہ سی کہانی اور جذبات سے بھرپور اداکاری فلم بینوں کو اپنے سحر میں جکڑے رکھنے کے لئے کافی ہے۔

’ان فلیمز‘ کو تاحال پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک میں بڑے پردے پر ریلیز نہیں کیا گیا ہے، تاہم اسے کانز سمیت مختلف عالمی فلم فیسٹیول میں پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

فلم کی کاسٹ میں رمیشا نوال، بختاور مظہر، محمد علی ہاشمی ، عمیر جاوید، عدنان شاہ ٹیو، جبران خان، وجدان شاہ، نوید کمال اور صبیہ ضیاء شامل ہیں جبکہ کانز فلم فیسٹیول کے 76 ویں میلے میں شرکت کے لئے فلم کی مکمل کاسٹ سمیت عدنان شاہ ٹیو بھی اپنی اہلیہ ہاجرہ خان کے ہمراہ فرانس میں موجود ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں