پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار افضل خان عرف ریمبو نے اپنے بیٹے احسن افضل خان کے ایکٹنگ کیرئیر اور انڈسٹری میں اقرباپروی پر کھل کر بات کی۔
نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکار افضل خان نے اپنے بیٹے کے بچپن کا ایک قصہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب یہ چھوٹا تھا تب کبھی کسی مہمان کے سامنے نہیں آتا تھا بالخصوص انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کے سامنے تو بالکل بھی نہیں۔
ریمبو نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے احسن افضل خان کو ایک بار مارننگ شو میں چلنے کی پیشکش کی جس پر یہ مجھ پر برس پڑا کہ میں مارننگ شو میں کیوں جاؤں؟ اس لئے کہ میں جان ریمبو اور صاحبہ کا بیٹا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت اس کی عمر صرف 8 برس تھی، تاہم اب جب یہ بڑے ہوگئے ہیں گریجویش کرلیا تو ایک بار مجھے اپنی والدہ کے ذریعے پیغام بھجوایا کہ مجھے ایکٹنگ کرنی ہے، جس پر میں نے انہیں اجازت دی لیکن ساتھ ہی یہ تنبیہ کی کہ مجھے سفارش لگانے کا مت کہنا۔
انہوں نے بتایا کہ جیو ٹی وی کے رمضان اسپیشل ’ہیر جٹ‘ کی وجہ سے ہمیں ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تاہم انہوں نے احسن کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اگر اداکاری کرنی ہے تو اپنی صلاحیتوں پر، میں کسی کو نہیں کہوں گا کہ تمہیں مرکزی کردار دیں۔
پروگرام میں شریک ریمبو کے بیٹے اور جیو ٹی وی کے رمضان اسپیشل ’ہیر جٹ‘ سے ڈیبیو کرنے والے اداکار احسن افضل خان نے بھی والد کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ میں خود بھی پہلے ڈرامے میں مرکزی کردار میں نہیں آنا چاہتا تھا، رمضان اسپیشل میں میرا جو کردار تھا میں اس سے بہت خوش تھا۔