پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ، ہدایتکارہ، ماڈل اور میزبان نور بخاری نے مولا جٹ کے سیکوئل ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ ماضی میں ہم پر تنقید کرنے والے آج شوق سے پنجابی فلم دیکھ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے والی اداکارہ نور بخاری نے اب تک بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ نہ دیکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ریلیز ہوئی تو مجھے ایک بات یاد آئی لیکن میں اس وقت خاموش رہی کیونکہ پھر لوگ کہتے ہیں کہ میں بہت تنقید کرتی ہوں۔
انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اپنی ٹی وی انڈسٹری سے شکوہ ہے کہ آج تو یہ لوگ شوق سے گنڈاسا کلچر اور پنجابی فلم دیکھ رہے ہیں لیکن ماضی میں اداکار شان شاہد اور مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم سے سوال کیے جاتے تھے کہ ہم پنجابی فلمیں کیوں کرتے ہیں، ٹی وی انڈسٹری کے فنکار کہتے تھے کہ تم ایسے کپڑے کیوں پہنتے ہو اور پنجابی بولتے ہو، تمہیں ایسا کیوں کرنا پڑتا ہے؟ شان ایسا کیوں کرتا ہے؟ وغیرہ وغیرہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب جبکہ فواد خان اور ماہرہ خان نے پنجابی فلم میں کام کیا اور ویسی ہی وضع قطع اختیار کی تو ان دونوں سے کوئی پوچھنے والا نہیں کہ فواد اور ماہرہ نے پنجابی فلم کیوں کی؟ یہ ہی وجہ ہے کہ میں نے اب تک فلم نہیں دیکھی۔