ملک بھر میں جاری سیاسی کشیدگی نے ہر شعبہ ہائے زندگی کو بُری طرح متاثر کیا ہے جس کا برملا اظہار پاکستان شوبز اندسٹری سے وابستہ فنکار بذریعہ سوشل میڈیا کر رہے ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گلوکار فرحان سعید نے لکھا کہ ’جب خان صاحب نے کہا کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘، تو اس کا یقیناً مطلب یہ ہی تھا۔
انہوں نے ملک کی سلامتی کے لئے دعا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’مجھے یقین نہیں کہ اتنے عرصے سے میں جس ملک میں رہ رہا ہوں وہ یہ ہی ہے، اللہ ہی پاکستان کو صحیح راستے پر گامزن کرسکتا ہے اور اس مشکل سے نکال سکتا ہے‘۔
خوب رو اداکارہ صنم سعید نے ملک کی فکر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’پاک سر زمین کہاں سے؟ اقتدار کی اس جنگ اور انا کی لڑائی نے ہمیں بے بس ، بے یار و مددگار کردیا ہے۔
پاکستان کہاں کی مقدس سرزمین رہی؟ کہاں ہے آپ کا ضمیر و ایمان، آپ کی سالمیت اور اپنے لوگوں کی حفاظت کا فریضہ؟ کیا ہو رہا ہے؟
اداکار عدنان صدیقی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارے مذہبی عقائد کے ’قابل سرپرست‘ ان تعلیمات پر عمل کرنے میں بری طرح ناکام ہو رہے ہیں جن کی وہ تبلیغ کرتے ہیں۔ اس طرح کی افسوسناک حالت کا مشاہدہ کرنا مایوس کن ہے۔ یا اللہ! پاکستان کو بچائیں‘۔

دوسری جانب اداکارہ میرا سیٹھی اور درفشاں نے ایک ہی انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے عام عوام کے ملٹری کورٹ ٹرائل کی مذمت کی ہے اور پاکستان کا ہیش ٹیگ استعمال کیا ہے۔