سی پرائم نے بلآخر اپنی آنے والی فیچر فلم ’تیری میری کہانیاں‘ کے ٹائٹل کا اعلان کردیا۔ فلم کی کہانی نامور پاکستانی کہانی کاروں خلیل الرحمٰن قمر، واسع چوہدری، علی عباس نقوی اور باسط نقوی کے زور قلم کا نتیجہ ہے۔
فلم عید الاضحیٰ پر ریلیز کیلئے تیار ہے۔ اس فلم کے ڈائریکٹرز میں نبیل قریشی، ندیم بیگ کے علاوہ سلور اسکرین پر پہلی بار بطور ڈائریکٹر آغاز کرنے والی باکمال اداکارہ، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر اور کئی کامیاب ٹی وی سیریلز کی مقبول ترین اداکارہ مرینہ خان شامل ہیں، جن کے تخلیقی وژن سے یہ فلم تیار کی گئی ہے۔
سی پرائم گزشتہ تین سال سے ڈیجیٹل کے ناظرین کو ایک مختلف متبادل مواد فراہم کر رہا ہے۔ اس ادارے نے اپنے اوریجنل ہائی بجٹ مختصر فلموں کےلیے ایک نیا دریچہ کھولا ہے، جس میں شوبز کی دنیا کے نامور پاکستانی فنکار جیسے ماہرہ خان، شہریار منور، بشریٰ انصاری، عفان وحید، فیصل قریشی، اُشنا شاہ اور کئی دیگر اداکار سی پرائم کے یو ٹیوب چینل پر جلوہ گر ہوتے ہیں۔
سی پرائم کی سی ای او سیمیں نوید کے مطابق ہمارا بڑا مقصد عوام کو ہمیشہ اعلیٰ معیار کا مواد فراہم کرنا ہے اور اس مرتبہ ایک نئے انداز سے پیش کیا جارہا ہے۔ یہ پاکستان میں کسی بھی فیچر فلم کےلیے سب سے بڑا تخلیقی مجموعہ ہے اور اس عیدالاضحیٰ پر سب سے بڑی کاسٹ کا شو ہوگا۔
اپنے باکس آفس شاہکار نامعلوم افراد 1 اور 2، ایکٹر ان لاء، کھیل کھیل میں اور قائداعظم زندہ باد جیسی فلموں سے مقبولیت حاصل کرنے والے نبیل قریشی نے سیمیں سے اتفاق کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میرا خیال ہے کہ شاید ہی کوئی ایسی زبردست پیشکش کی توقع کرتا ہوگا۔ جب آپ اتنے زیادہ تخلیقی وژنز کو یکجا کرلیتے ہیں تو واقعی ایک غیر معمولی چیز سامنے آتی ہے۔
جوانی پھر نہیں آنی 1 اور 2، پنجاب نہیں جاؤں گی اور لندن نہیں جاؤں گا جیسے باکس آفس ریکارڈ قائم کرنے والی فلموں کے ڈائریکٹر ندیم بیگ اس منفرد فیچر فلم کے اعلان پر کہتے ہیں کہ پاکستانی سنیما میں اب تک اس پروجیکٹ جیسا کوئی اور نہیں۔ یہ آپ کی اوسط درجے کی فلم سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ عوام کےلیے ایک بالکل نیا تجربہ ہوگا۔
ناظرین کی فیورٹ پاکستانی اداکارہ، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر اور بےشمار کامیاب سیریلز (تنہائیاں، نئے سلسلے اور ڈولی کی آئے گی بارات) کی فنکارہ پہلی بار سلور اسکرین پر بطور ڈائریکٹر “تیری میری کہانیاں” سے آغاز کرنے والی مرینہ خان فلم کی ریلیز کے اعلان کو ایک اور نقطہ نظر سے دیکھتے ہوئے کہتی ہیں کہ یہ کہانیاں ہم سب کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں، جو واقعی قابل دید ہیں اور سی پرائم کے بینر تلے پاکستان کے مقبول ترین ناموں کے ساتھ پیش کی جارہی ہیں جو ایسی تخلیق ہے جسے سب ہی پسند کریں گے۔ ’تیری میری کہانیاں‘ دنیا بھر کے ناظرین کو یکجا کرنے کا ذریعہ ہے۔
جوانی پھر نہیں آنی 1 اور 2، میں ہوں شاہد آفریدی کے رائٹر واسع چوہدری نے کہا کہ آپ کے ساتھ خلیل الرحمان قمر، ندیم بیگ، نبیل قریشی، مرینہ خان سب ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔ یہ ایک تاریخ ساز کام ہے۔
خلیل الرحمان قمر نے بھی اسی قسم کے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ’تیری میری کہانیاں‘ کی خوبصورتی یہ ہے کہ اس میں بہت زیادہ تنوع ہے۔ اس میں ہر ایک کی دلچسپی کےلیے کچھ نہ کچھ موجودہے۔
سی پرائم ’تیری میری‘ کی کاسٹ کا اعلان 19 مئی 2023 کو کرے گا۔
جولائی کے آخر میں عیدالاضحیٰ کی آمد پر ریلیز ہونے والی اس فلم کا عوام کو بے چینی سے انتظار ہے۔ سی پرائم کی یہ فیچر فلم کہانیاں بیان کرنے کی دنیا میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔