جنوبی بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار ناگا چیتنیا اور ان کی سابقہ اہلیہ سمانتھا روتھ پرابھو کو فلمی دنیا کا بہترین جوڑا قرار دیا جاتا تھا اور جب دونوں کی علیحدگی کی خبر آئی تو ان کے پرستاروں کو بھی صدمہ پہنچا۔
تاہم دونوں میں ایک سال قبل سرکاری طور پر طلاق کے بعد اب ان کی راہیں جدا ہوگئی ہیں، حالانکہ دونوں اپنے شعبے اور کام میں بہترین پرفارمر ہیں اسی لیے دونوں کے پرستار ان کی ذاتی زندگیوں کے بارے میں بہت کچھ جاننا چاہتے ہیں۔
اب حال ہی میں ناگا چیتنیا نے سمانتھا کے ساتھ اپنی شادی کی ناکامی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے اسے بدقسمتی قرار دیا، البتہ انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کا احترام اور اسے تسلیم کرتے ہیں۔ ناگا چیتنیا تیلگو فلم ’کسٹڈی‘ میں نظر آئیں گے جو 12 مئی کو ریلیز ہوگی۔
ناگا چیتنیا نے اپنی شادی کی ناکامی کے حوالے سے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری ذاتی زندگی اور شادی کی ناکامی بدقسمتی ہے، لیکن اس کی ایک وجہ میڈیا کی رپورٹنگ بھی ہے، جنہوں نے افواہیں پھیلائیں اور ہر چیز کی منفی منظر کشی کی۔
عوام کی نظروں میں مقام اور عزت کو نقصان پہچایا، اسی چیز سے مجھے سب سے زیادہ تکلیف پہنچی۔ انہوں نے اپنی شہ سرخیوں کے لیے میرا نام کسی تیسری شخصیت کے ساتھ جوڑا اور افواہیں پھیلائیں۔