رپورٹ : راجہ زاہد اختر خانزادہ
ڈیلس ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں 83 واں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے زیر اہتمام منعقدہ اس جشن میں ڈیلس میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی اور وطن عزیز کے ساتھ بھر پورمحبت کا اظہار کیا۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے زیر اہتمام منعقدہ 83 ویں یوم پاکستان کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا
بعد ازاں امریکہ اور پاکستان دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے۔
تقریب میں جہاں پاکستانیوں کی مختلف نمائندہ تنظیموں کے سربراہان شریک ہوئے وہیں پاکستانیوں کی نمائندگی کرنے والی کانگریس وومن ایڈی برنیس جانسن، ٹیکساس ہاؤس ری پریزنٹیٹو سلمان بھوجانی، بطور مہمان شریک ہوئے۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے امریکی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ہیوسٹن میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کی خدمات نہ صرف کمیونٹی کے لئے بلکہ پاکستان کے لئے بھی لائق تحسین ہیں۔
صدر پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس سلمان تابانی کا کہنا تھا ہر مرتبہ کی طرح اس دفع بھی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کر کے ہمارے اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔نائب صدر پی ایس این ٹی غالب حسین نے کہا کہ شرکاء نے پروگرام کو کافی انجوائے کیا اور ہم مستقبل میں بھی اسطرح کے مزید پروگرامز کرتے رہیں گے
ٹیکساس ہاؤس کے ری پریزنٹیٹو سلمان بھوجانی کا کہنا تھا کہ میں نے چند سال قبل پی ایس این ٹی میں بطور جنرل سیکرٹری خدمات انجام دی ہیں اور میرے لئے یہاں آکر بات کرنا باعث اعزاز ہے،میں نے بل فائل کرنے کے معاملے میں کمیونٹی کے لیے بہت کچھ کیا ہے جس سے ہماری کمیونٹی کو وہ عزت ملے گی جس کی وہ مستحق ہے۔
پروگرام کے آخر میں معروف پاکستانی گلوکارعلی حیدر نے نغمے سنا کر سماں باندھ دیا