آنجہانی نوجوان اداکارہ تونیشا شرما کی مبینہ خودکشی میں ملوث اداکار شیزان خان کو رئیلیٹی شو خطروں کے کھلاڑی کے آئندہ سیزن کے لیے بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف آنجہانی اداکارہ کی والدہ کا ردعمل سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں مہاراشٹر کی عدالت نے پولیس کو خطروں کے کھلاڑی 13 کے لیے سفری اجازت کے ساتھ اداکار شیزان خان کو پاسپورٹ واپس کرنے کی اجازت دے دی۔
خطروں کے کھلاڑی 13 میں اداکار شیزان خان کی شرکت کی خبر کے خلاف آنجہانی اداکارہ تونیشا شرما کی والدہ نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ایسے شخص، جو آئی پی سی کی دفعہ 306 کے تحت ایک سنگین جرم میں زیر سماعت ہے اور جس کے خلاف پولیس نے 524 صفحات کی چارج شیٹ پیش کی ہے، کو شوز کی پیشکش کرکے معاشرے کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ؟
انہوں نے کہا کہ ’ ہمارے بچے اور نئے آںے والے اداکار یہ ہی سمجھیں گے کہ ان رئیلٹی شوز کو حاصل کرنے کا سب سے آسان ذریعہ جرائم کرنا ہے۔
خیال رہے کہ شیزان خان کو تونیشا شرما کی مبینہ خودکشی کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا بعدازاں انہیں ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔
تاہم گزشتہ ماہ انہوں نے خطروں کے کھلاڑی 13 کی شوٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنا پاسپورٹ واپس لینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس پر انہیں 10 جولائی 2023 تک بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔