اسرائیل کی سعودی عرب کے لیے براہ راست حج پروازوں پر بات چیت جاری ہے۔
اسرائیل نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب کے حکام مسلمان شہریوں کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت دیں گے جو آئندہ ماہ حج کی سعادت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے بدھ کے روز کہا کہ ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے اور “یہ مسئلہ زیر بحث ہے۔”
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انہوں نے اسرائیل کے آرمی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو نہیں بتا سکتا کہ کیا کوئی پیش رفت ہوئی ہے لیکن میں پر امید ہوں کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ امن کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔
دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہر سال حج کے لیے مکہ جاتے ہیں۔ حج اسلامی قمری کیلنڈر کے 12ویں مہینے میں ہوتا ہے جسے ذوالحجہ کہا جاتا ہے۔