سوڈان کی لیبارٹری پر جنگجوؤں کے قبضے سے معتدل خطرہ ہے، عالمی ادارہ صحت

سوڈان کی لیبارٹری پر جنگجوؤں کے قبضے سے معتدل خطرہ ہے، عالمی ادارہ صحت


عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے واضح کیا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار افریقی ملک سوڈان کی سرکاری طبی لیبارٹری پر جنگجوؤں کے قبضے کے بعد وہاں سے بیماریوں کے وائرسز پھیلنے کا معتدل خطرہ موجود ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جنیوا میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے جب جنگجوؤں نے سرکاری لیبارٹری پر قبضہ کیا تھا تب اسے وائرسز کے پھیلاؤ کے شدید خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ خرطوم میں جنگجوؤں کی جانب سے قبضے میں لی گئی لیبارٹری کے خطرے کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ وہاں سے وائرسز کے پھیلاؤ کا شدید خطرہ نہیں ہے، تاہم اسے معتدل خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق مذکورہ لیبارٹری سرکاری سرپرستی میں چلتی تھی، جہاں وسائل اور ماہرین کی کمی تھی جب کہ وہاں تحقیق کا بھی فقدان تھا اور معلوم ہوا ہے کہ لیبارٹری مکمل طرح سے اپنا کام فعال انداز میں نہیں کر سکتی۔

ڈبلیو ایچ اوعہدیدار کا کہنا تھا کہ لیبارٹری میں ایندھن کی کمی اور کم تربیت یافتہ عملے کی وجہ سے بھی وہاں سے وائرسز کے پھیلاؤ کو معتدل خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے عالمی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ خرطوم میں لڑائی لڑنے والے ایک جنگجو گروپ نے سرکاری سرپرستی میں چلنے والی لیبارٹری پر قبضہ کرکے وہاں سے عملے کو نکال دیا۔

عالمی ادارے نے بتایا تھا کہ جس لیبارٹری پر قبضہ کیا گیا، وہاں پولیو اور ہیضے سمیت دیگر خطرناک وائرسز کے جرثوموں کو محفوظ رکھا جاتا تھا۔

ادارے کا کہنا تھا کہ جنگجو گروپ لیبارٹری کو اپنے جنگی مقاصد کے طور پر استعمال کرے گا، جس سے لیبارٹری میں موجود وائرسز کے پھیلنے کا خطرہ ہے اور اگر ایسا ہوا تو نہ صرف سوڈان بلکہ خطے میں خطرناک صورتحال پیدا ہوگی۔

تاہم اب عالمی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ مذکورہ لیبارٹری سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور وہاں سے وائرسز کے لیک ہونے کے بعد ممکنہ خطرات کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ اگر وہاں سے وائرسز لیک بھی ہوئے تو بھی اتنا شدید خطرہ نہیں ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں