فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘عیدالفطر پر دوبارہ شاندار بین الاقوامی ریلیز کیلئے تیار

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘عیدالفطر پر دوبارہ شاندار بین الاقوامی ریلیز کیلئے تیار


جیو فلمز کی پیشکش، انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ جوکہ اب تک باکس آفس پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پاکستانی فلم ہے، عیدالفطر کے موقع پر ایک بار پھر شاندار بین الاقوامی ریلیز کے لیے تیار ہے۔

جنوبی ایشیا کی فلموں کو باکس آفس سے معیاری بزنس کمانے کے بعد سیٹلائٹ اور اسٹریمنگ سروسز کو فروخت کیے جانے کی وجہ سے کبھی تھیٹرز میں دوبارہ ریلیز نہیں کیا جاتا۔

لیکن پاکستانی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو اپنی ریلیز کے 6 ماہ بعد، برطانیہ میں 15 سائٹس، امریکا میں 7 سائٹس اور متحدہ عرب امارات میں 2 سائٹس پر عیدالفطر کے موقع پر دوبارہ ریلیز کیا جائے گا۔

بات فلم کی دوبارہ بین الاقوامی ریلیز پر ہی ختم نہیں ہوئی بلکہ پروڈیوسر برائن ایڈلرجوکہ فلم’ایوینجرز: اینڈگیم‘، ’اوتار: دی وے آف واٹر‘، ’وینم‘ اور ’ایڈ ایسٹرا‘ جیسی بلاک بسٹر ہالی ووڈ فلموں  کے ویژیول افیکٹس کے لیے جانا جاتا ہے،وہ بطور ایگزیکٹوپروڈیوسر فلم’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔

اس حوالے سے فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت کا کہنا ہے کہ اس بات پر یقین کرنا مشکل ہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘اپنی ریلیز کے 6 مہینوں بعد دوبارہ ریلیز ہو رہی ہے لیکن میں بہت پرجوش ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل انقلاب کے باوجود بھی سحر انگیز سنیما کی پائیدار طاقت کا ثبوت ہے۔

اس موقع پر فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری کا کہنا ہے کہ میں دنیا بھر کے شائقین کی جانب سے ہماری فلم کو ملنے والی محبت اور حمایت کے لیے ناقابل یقین حد تک شکر گزار ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے اور میں اس جادو کو سنیما گھروں میں ایک اور موقع ملنے پر بہت خوش ہوں جو ہم نے فلم کی اس زبردست کہانی میں ڈالا ہے۔

یاد رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘جس میں فواد خان اور حمزہ علی عباسی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، 1979ء کی نامور کلاسک پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے۔

بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم نے ریلیز کے بعد جہاں پاکستان میں بہت سے ریکارڈ توڑے اور نئے تاریخی ریکارڈ بنائے، وہیں مبینہ طور پر بین الاقومی سطح پر برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ سمیت دیگر ممالک کی تمام پنجابی اور ہندی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں