پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی ہر فلم کی ریلیز سے قبل اس کی کامیابی کو لے کر نروس ہوتے ہیں کیونکہ اگر فلم ناکام ہوئی تو کہا جائے گا کہ اس کا وقت ختم ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ اداکار ان دنوں اپنی آنے والی فیچر فلم ’ منی بیک گارنٹی ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جو عید الفطر پر دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
حال ہی میں فواد نے انٹرویو کے دوران اپنی آنے والی فلم کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ فلم ’ منی بیک گارنٹی ‘ شائقین کے لیے ایک بہترین تفریحی پیکج ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے اعتراف کیا کہ ہر فلم کی ریلیز سے قبل اس کی کامیابی کے حوالے سے نروس محسوس کرتا ہوں اور مجھے بہت سی چیزوں کو لے کر دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، جیسے کہ کیا میں نے اچھا کام کیا، میں اسے مزید اچھا کرسکتا تھا؟ کیا میں اتنا اچھا کام کر رہا ہوں کہ وہ ہٹ ہوجائے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ ہر چیز کا دباؤ لیتے ہیں کیونکہ آپ کے کیریئر اور آپ کے مستقبل کے منصوبے موجودہ پروجیکٹ پر منحصر ہیں اور اگر آپ ڈیلیور نہیں کریں گے تو وہ بریکنگ پوائنٹ ہوگا اور کوئی، کہیں کہے گا کہ اس کا وقت ختم ہو گیا ہے یا اس طرح کی مزید باتیں کی جائیں گی۔