پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اسکرپٹ رائٹر فصیح باری خان نے گلوکار فلک شبیر کے رمضان میں کنسرٹ کرنے سے متعلق بیان دینے پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
گزشتہ روز معروف گلوکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان المبارک میں کانسرٹ کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے برعکس وہ اس ماہ میں خاص عبادات کو ترجیح دیتے ہیں۔
تاہم گلوکار کے اس بیان پر اسکرپٹ رائٹر فصیح باری خان نے اپنا اظہار خیال پیش کرتے ہوئے فلک شبیر کو منافق قرار دے دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا فلک شبیر کا بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ شوبزنس کی کمائی ہی ہے جس کی برکت سے تم پورے مہینے گھر بیٹھ کے عیش کرتے ہو بھیا‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’کروڑوں کماتے وقت جیبیں بھرتے وقت دین یاد نہیں آتا، مذہبی منافقین زندہ باد، دنیا کی ساری آسائشوں سے لطف اندوز ہونے کے بعد اس اسلامک ٹچ کے کیا ہی کہنے‘۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین فصیح باری خان کے اس تبصرے پر خوش دکھائی نہیں دیئے، اور انہوں نے اسے گلوکار کی اپنی مرضی اور ترجیحات قرار دے دیا۔
