پاکستانی نوجوان نسل کے پسندیدہ گلوکار عاصم اظہر کو یوٹیوب کی جانب سے گولڈن بٹن مل گیا ہے۔
گلوکار و اداکار عاصم اظہر کے ویڈیو اپلوڈنگ ایپ یوٹیوب پر 1.11 ملین سبسکرائبرز ہیں جس کے بعد مقبول ترین سرچ انجن گوگل کی ملکیتی ویڈیو سائٹ یوٹیوب کی جانب سے اُنہیں گولڈن پلے بٹن دیا گیا ہے۔
عاصم اظہر نے یہ خوشخبری اپنے مداحوں کے ہمراہ انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔
عاصم اظہر نے متعدد تصویریں شیئر کی ہیں جن میں اُنہیں انتہائی خوش اور اُن کی والدہ کو یہ گولڈن بٹن تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
عاصم اظہر کا اس پوسٹ میں شکر ادا کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ یہ ہفتہ اُن کے لیے حیران کُن رہا۔
یوٹیوب کا گولڈن بٹن کیا ہے؟
گولڈن پلے بٹن یوٹیوب کی جانب سے دس لاکھ سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوب چینلز کو دیا جاتا ہے، یہ یوٹیوب کی جانب سے ایک اعزاز ہوتا ہے۔
یہ بٹن پانے والے چینلز مالکان کو یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو کا دستخط شدہ خط بھی دیا جاتا ہے جس میں ان کی کارکردگی کو سراہا گیا ہوتا ہے۔