غدارِ وطن، مینارِ پاکستان جیسی پاک جگہ کو اپنے جھوٹ کیلئے استعمال کر رہا ہے، رانا ثنا اللہ

غدارِ وطن، مینارِ پاکستان جیسی پاک جگہ کو اپنے جھوٹ کیلئے استعمال کر رہا ہے، رانا ثنا اللہ


وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غدارِ وطن مینارِ پاکستان جیسی پاک جگہ کو اپنے جھوٹ کے لیے استعمال کر رہا ہے، پاکستان کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹ کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے امریکی لابی فرموں سے تو حقیقی آزادی حاصل کر لو، امریکا سے نہیں ڈرتا سے لے کر میری جان کو خطرہ ہے کا جھوٹ بولا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان آئین، قانون، سچائی، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، ٹیریان نیازی کیسز سے حقیقی آزادی چاہتے ہیں، عمران خان ہر ادارے اور اس کے سربراہ کو اپنا غلام بنانے کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں، اس کی حقیقی آزادی کے مناظر ڈی چوک پر پوری قوم پہلے ہی دیکھ چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک بار پھر ملک میں لوٹ مار کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں، عمران نیازی کی امریکا سے اوپر سے لڑائی ہے، اندر سے بھائی بھائی ہیں۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غداروطن مینارپاکستان جیسی پاک جگہ کو اپنے جھوٹ کے لئے استعمال کررہا ہے، پاکستان کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹ کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر جلسہ کرنے جا رہی ہے جب کہ اس سلسلے میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کارکنان سے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آج رات مینارِ پاکستان پر ہمارا جلسہ پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دےگا۔

دوسری جانب جلسے سے قبل لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، شاہدہ سے راوی پل اور داتا دربار سے مینار پاکستان جانے والے راستے دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بند کردیے گئے ہیں، علاوہ ازیں ڈی آفس کے باہر بھی کنٹینرز لگا کر مینار پاکستان جانے والے راستے کو بند کر دیا گیا ہے۔

لاہور پولیس نے شہر میں داخل ہونے والے کنٹینرز اپنے قبضے میں لے کر مختلف مقامات پر لگادیے ہیں، شہر کے داخلی و خارجی راستے بند کرتے ہوئے پولیس نے کنٹینرز مالکان کے ڈرائیورز سے چابیاں بھی اپنے قبضے میں لے لیں۔

عمران خان مینارِ پاکستان میں فارن فنڈنگ، توشہ خانہ چوری، ٹیریان کو اپنانے پر روشنی ڈالیں، مریم اورنگزیب

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی سابق وزیراعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان مینارِ پاکستان میں فارن فنڈنگ، توشہ خانہ چوری اور ٹیریان کو اپنانے پر بھی روشنی ڈالیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ چار سال مہنگائی ، بے روزگاری اور تباہی کی دلدل میں پاکستان کو کیسے دھنسایا اور ملک کو کیسے لوٹا، فتنے فسادی دہشت گرد سے قوم کو حقیقی آزادی دلوانے کا وقت آ گیا ہے۔

عمران خان کے ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس نے ملک کو تباہی اور تقسیم کی دلدل میں خود ڈالا ہو وہ نکال نہیں سکتا بلکہ وہ صرف فراڈیا اور دہشت گرد ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی حقیقی آزادی جانور، نیوٹرل ، جنرل باجوہ کی تاحیات ایکسٹینشن سے لے کر شہباز شریف سے ہوتی ہوئی محسن نقوی اور امریکا سے معافیوں تک پہنچی جو آج حقیقی طور پر دفن ہو چکی ہے جس کا جنازہ آج رات مینارِ پاکستان میں پڑھا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فتنے فسادی دہشت گرد سے قوم کو حقیقی آزادی دلوانے کا وقت آ گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں