سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے بلآخر ’وائس اسٹیٹس‘ کا فیچر پیش کردیا۔
’وائس اسٹیٹس‘ کے فیچر کو گزشتہ مہینے دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کیا گیا تھا، تاہم اس پر تمام صارفین کو رسائی نہیں دی گئی تھی۔
بعض لاتعداد پاکستانی صارفین کو بھی ’وائس اسٹیٹس‘ پر گزشتہ ہفتے ہی رسائی دی گئی تھی۔
مذکورہ فیچر پر واٹس ایپ کے ماہرین گزشتہ برس کے اختتام سے کام کر رہے تھے اور یہ پہلے ہی خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اسے رواں سال کے وسط تک پیش کردیا جائے گا۔
کمپنی نے فیچر پر تیزی سے کام کرتے ہوئے اسے سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام سے قبل ہی پیش کردیا۔
’وائس اسٹیٹس‘ کی آزمائش کو رواں برس جنوری میں ہی شروع کیا گیا تھا۔
مذکورہ فیچر کو ’تحریری اسٹیٹس‘ فیچر کے ذریعے استعمال کیا جا سکے گا، یعنی صارف کو اپنے اکاؤنٹ کے اسٹیٹس فیچرز میں جانا پڑے گا۔
وائس اسٹیٹس کے لیے صارفین کو پین کے آئیکون والے اسٹیٹس میں جاکر مائیک کو ہولڈ کرکے اپنی وائس ریکارڈ کروانی ہوگی اور صارفین 30 سیکنڈ کی وائس کا اسٹیٹس اپڈیٹ کر سکیں گے۔
وائس ریکارڈ کرنے کے بعد صارفین اپنے اسٹیٹس کو سن بھی سکیں گے اور چاہیں تو وہ ریکارڈ شدہ وائس کو ڈیلیٹ کرکے دوبارہ ریکارڈ کریں۔
مذکورہ فیچر بھی دیگر فیچرز کی طرح ہی کام کرتا ہے اور اسے صارف ویڈیو، ٹیکسٹ اور پکچر اسٹیٹس کی جگہ شیئر کر سکیں گے۔
’وائس اسٹیٹس‘ کا فیچر بھی 24 گھنٹے میں خود بخود اسٹیٹس سے ہٹ جائے گا، تاہم اس سے قبل اگر صارفین اسے ہٹانا چاہیں تو ان کے پاس اختیار ہوگا۔
صارفین اپنے اسٹیٹس کو لگانے کے بعد اسے براہ راست کسی دوسرے صارف یا واٹس ایپ گروپ میں شیئر بھی کر سکیں گے اور اسے فارورڈ بھی کیا جا سکے گا۔
تاہم واٹس ایپ کے ویڈیو اور ٹیکسٹ اسٹیٹس کی طرح وائس اسٹیٹس کو فوری طور پر فیس بک پر شیئر نہیں کیا جا سکے گا۔
واٹس ایپ میں وائس اسٹیٹس کے فیچر کو پیش کیے جانے کے بعد ممکنہ طور پر اسی فیچر کو اگلے مرحلے میں فیس بک پر بھی پیش کیا جائے گا۔
فوری طور پر صرف اپنی ریکارڈ شدہ وائس کا اسٹیٹس شیئر کیے جانے کا فیچر پیش کیا گیا ہے اور صارف کسی اور کی آڈیو کو اسٹیٹس کے طور پر شیئر نہیں کر سکیں گے۔
تاہم امکان ہے کہ کسی دوسرے شخص کی آڈیو کو بھی اسٹیٹس کے طور پر شیئر کرنے کا فیچر جلد پیش کردیا جائے گا لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔